QR CodeQR Code

30 نومبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا

جنوبی پنجاب کے مسائل کا واحد حل صوبہ ہے اور صوبہ ہم بنائینگے، یوسف رضا گیلانی

16 Nov 2020 23:59

ملتان میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دور میں میڈیا کو آزادی دی، حقوق بلوچستان دیئے، خیبر پختونخواہ کو شناخت دی اور اب جنوبی پنجاب کو بھی شناخت دینگے۔ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا، پھانسیاں، جیلیں اور سزائیں سن کر بھی عدالتوں کا احترام کیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو عزت دی، ون ووٹ ون مین کا حق دیا۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی اور تمام مسائل کا واحد حل صوبہ ہے، جب یہاں کی اسمبلی ہوگی، سپیکر ہوگا، ہائیکورٹ ہوگی تو پھر دیکھیں کہ یہاں کتنی نوکریاں ملتی ہیں، کتنا روزگار ملتا ہے، کتنی خوشحالی آتی ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ صوبہ ہم بنائیں گے، یہ صوبہ کا وعدہ کرکے سیکرٹریٹ دے رہے ہیں اور وہ بھی آدھا بہاولپور اور آدھا ملتان میں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ تو صوبہ دیں گے اور نہ ہی سیکرٹریٹ دیں گے بلکہ یہ عوام کو آپس میں لڑا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہوتے کون ہیں صوبے کے دارالحکومت کا فیصلہ کرنیوالے۔ دارالحکومت کا فیصلہ نئی منتخب اسمبلی کرے گی، یہ عوام کے منتخب نمائندوں کا حق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی پنجاب کونسل کے ممبر ملک ارشد اقبال بھٹہ کی رہائشگاہ پر پی پی 217 کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہوں نے اپنے منشور پر کتنا عمل کیا؟ کتنی نوکریاں، گھر اور ترقیاتی منصوبے دیئے۔؟ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملتان میں جتنے ترقیاتی کام کئے، پچاس سال پہلے اور پچاس سال بعد تک کوئی نہ کرسکے گا۔ بجلی، سوئی گیس، موٹروے پل اور ائیرپورٹ بنائے۔ ہمارے ادوار میں کشمیر پر باقاعدہ مذاکرات ہوتے تھے اور بھارتی وزیراعظم کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرتے تھے، مگر اب تو انہوں نے کشمیر کو ضم کر دیا ہے اور یہ بات بھی نہیں کر رہے۔ 30 نومبر کا جلسہ ہر صورت کریں گے، یہ ہماری پارٹی کا یوم تاسیس بھی ہے۔ یہ ہمیں کیسے روک سکتے ہیں، آدھی کابینہ تو پیپلزپارٹی کی ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم نے کاشتکاروں کو بین الاقوامی ریٹ دیئے، تاکہ سمگلنگ رک سکے اور کسانوں کو بہترین ریٹ ملے، ہمارے دور میں شوگر، گندم، چاول اور کپاس ایکسپورٹ ہوتی تھی۔ انہوں نے سب کچھ تباہ کر دیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج کے ورکر کنونشن میں ورکرز کا جوش و خروش دیدنی ہے، پیپلزپارٹی کی شان ورکرز ہیں، بڑے چھوڑ جاتے ہیں مگر ورکر پارٹی کو کبھی نہیں چھوڑتا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا 30 نومبر کو یوم تاسیس ہے، پیپلز پارٹی میزبان ہے، اس لیے ہمیں زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں میڈیا کو آزادی دی، حقوق بلوچستان دیئے، خیبر پختونخوا کو شناخت دی اور اب جنوبی پنجاب کو بھی شناخت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا۔ پھانسیاں، جیلیں اور سزائیں سن کر بھی عدالتوں کا احترام کیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو عزت دی، ون ووٹ ون مین کا حق دیا، شعور دیا، آئین دیا، ملک ایٹمی پروگرام دیا، محترمہ بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی دی۔ مساوی حقوق دیئے، اب کارکن ہی ان کے مشن کو آگے بڑھائیں اور 30 نومبر کے جلسہ کو کامیاب کریں۔ ورکرز کنونشن سے خواجہ رضوان عالم، ملک نسیم لابر، ملک ارشد اقبال بھٹہ، بیگم بی اے جگر و دیگر نے خطاب کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض میر احمد کامران مگسی نے سرانجام دیئے۔


خبر کا کوڈ: 898204

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/898204/جنوبی-پنجاب-کے-مسائل-کا-واحد-حل-صوبہ-ہے-اور-ہم-بنائینگے-یوسف-رضا-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org