QR CodeQR Code

گپکار الائنس کشمیر میں غیر ملکی طاقتوں کی مداخلت چاہتی ہے، امت شاہ

17 Nov 2020 19:32

گپکار اعلامیہ برائے عوامی اتحاد کی سرگرمیوں کے سلسلے میں بھارتی وزیرداخلہ نے سلسلے وار ٹویٹ کرکے اس اتحاد میں شامل تمام پارٹیوں کی سخت مذمت کی۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیرداخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر میں اپوزیشن پارٹیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور گپکار الائنس جموں و کشمیر کو ایک بار پھر سے دہشت اور افراتفری کے دور میں لے جانا چاہتا ہے۔ گپکار اعلامیہ برائے عوامی اتحاد کی سرگرمیوں کے سلسلے میں امت شاہ نے سلسلے وار ٹویٹ کرکے اس اتحاد میں شامل تمام پارٹیوں کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارٹیاں چاہتی ہیں کہ غیر ملکی طاقتیں جموں و کشمیر میں مداخلت کریں۔ انہوں نے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سے گپکار الائنس کے سلسلے میں اپنا رخ واضح کرنے کو کہا۔

امت شاہ نے ٹویٹ میں کہا کہ گپکار گینگ عالمی ہورہا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ غیر ملکی طاقتیں جموں و کشمیر میں مداخلت کریں۔ انہوں نے کہا کہ گپکار گینگ نے ہندوستانی ترنگے کی توہین کی ہے، کیا سونیا جی اور راہل جی گپکار گینگ کے ان اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔؟ امت شاہ نے کہا کہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کو بھارت کے لوگوں کے سامنے اپنا رخ واضح کرنا چاہیئے۔

امت شاہ نے مزید کہا کہ کانگریس اور گپکار گینگ کشمیر کو ایک بار پھر دہشت اور اتھل پتھل والے دور میں لے جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دلتوں، خواتین اور قبائلیوں کے حقوق کو چھیننا چاہتے ہیں جو ہم نے آرٹیکل 370 کو ہٹاکر یقینی بنائے ہیں، اسی لئے لوگ انہیں ہر جگہ خارج کر رہے ہیں۔ بھارتی وزیر داخلہ نے زور دے کر کہا کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا لازمی حصہ رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے لوگ قومی حقوق کے خلاف کسی بھی ناپاک اتحاد کو اب اور برداشت نہیں کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 898365

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/898365/گپکار-الائنس-کشمیر-میں-غیر-ملکی-طاقتوں-کی-مداخلت-چاہتی-ہے-امت-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org