0
Tuesday 17 Nov 2020 19:40

آئی جی پنجاب نے عدالتوں میں قتل کے بڑھتے واقعات کا نوٹس لے لیا

آئی جی پنجاب نے عدالتوں میں قتل کے بڑھتے واقعات کا نوٹس لے لیا
اسلام ٹائمز۔ آئی جی پنجاب کی جانب سے عدالتوں کی سکیورٹی کیلئے جاری کردہ ایس پی او پیز میں غفلت کی وجہ سے آئے روز قتل کے واقعات ہونے لگے، آئی جی پنجاب نے رواں سال عدالتوں میں قتل ہونیوالے افراد اور ملزمان کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔ اے آئی جی آپریشنز کی جانب سے بھجوائے گئے مراسلے میں پوچھا گیا ہے کہ کس کس کچہری میں کتنے واقعات پیش آئے؟ کتنے ملزمان ملوث تھے اور کتنے افراد کو قتل کیا گیا؟ پولیس نے کتنے ملوث ملزمان کو گرفتار کیا؟ مراسلے میں متعلقہ اضلاع سے احاطہ عدالت میں ہونیوالے قتل کے کیسز کے سٹیٹس کی تفصیلات بھی بھجوانے کا حکم دیا گیا ہے۔

3 سال قبل آئی جی آفس کی جانب سے عدالتوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے ایس او پیز جاری کئے گئے تھے۔ سکیورٹی ایس او پیز کے مطابق تعینات سکیورٹی کیساتھ ساتھ اعلیٰ افسران مرحلہ وار سکیورٹی ڈیوٹی چیک کیا کریں، لیکن افسران کی جانب سے فرائض میں غفلت بھرتی جاتی ہے۔ اس غفلت کو مدنظر رکھتے ہوئے تفصیلات ملنے کے بعد نااہلی سامنے آنیوالے کیسز پر کاروائی کی جائے گی۔ آئی جی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد امیر بھٹی سے لاہور کی ضلعی عدالتوں کے انسپکشن جج ہونے کی حیثیت سے ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزاد سلطان، سی سی پی او عمر شیخ سمیت دیگر پولیس افسران نے ملاقات کی۔ پولیس افسران نے جسٹس محمد امیر بھٹی کو سیشن کورٹ میں ہونیوالے قتل کے واقعے کے حوالے سے ابتدائی تفتیش اور ضلعی عدالتوں میں سکیورٹی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات بارے رپورٹ پیش کی۔ جسٹس محمد امیر بھٹی نے پولیس افسران کو عدالتوں کی سکیورٹی کیلئے مزید فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ پولیس افسران نے جسٹس محمد امیر بھٹی کو یقین دلایا کہ عدالتوں کی سکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 898373
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش