0
Tuesday 17 Nov 2020 21:26

اجتماعات پر پابندی مسترد، پی ڈی ایم کا جلسے شیڈول کے مطابق کرنیکا اعلان

اجتماعات پر پابندی مسترد، پی ڈی ایم کا جلسے شیڈول کے مطابق کرنیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے جلسوں پر پابندی کے حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا اور کہا ہے کہ جلسے اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے، ہم حکومتی پابندی کو تسلیم نہیں کرتے۔ یہ بات اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور دیگر رہنماء بھی شریک تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سردار اختر خان مینگل نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جلسوں پر پابندی کے فیصلے مسترد کرتے ہیں، ہمارے جلسے و جلوسوں کا انعقاد اپنے طے شدہ وقت اور دن کے مطابق کیا جائے گا، ہمیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی آڑ میں یہ پابندی قبول نہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کر دیا، جس میں سرکاری وسائل کو استعمال کیا گیا، سپریم کورٹ نے جو شفاف الیکشن کی ہدایات دی تھیں، اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم نے اپنی تحریک کے بنیادی اصول اور مقاصد واضح کر لیے ہیں، ہم سیاست سے اسٹیبلشمنٹ اور خفیہ اداروں کے کردار کا خاتمہ چاہتے ہیں، انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے پر سب پارٹیوں کا اتفاق رائے ہے، ہم مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ سربراہ پی ڈی ایم نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، ہم حکومت سے کسی قسم کے مذکرات نہیں چاہتے، کیوںکہ یہ عوام کی نمائندہ جماعت ہے ہی نہیں، تحریک کی رفتار کو تیز کیا جائے گا اور جلسے اپنے وقت کے مطابق ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 898395
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش