0
Wednesday 18 Nov 2020 10:18

بلوچستان کی ترقی اور استحکام پاکستان کی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ

بلوچستان کی ترقی اور استحکام پاکستان کی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا امن اور خوشحالی جمہوریت اور اس کی اقدارسے منسلک ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے آج کوئٹہ کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے بات چیت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ کا مقصد شرکا کی قومی سلامتی کے امور سے متعلق آگاہی میں اضافہ کرنا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور استحکام پاکستان کی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے لوگوں کی سماجی، اقتصادی ترقی کے لیے پاک فوج سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر کردار ادا کر رہے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پورے صوبے کے اندر موثر سیکیورٹی کا نظام عمل میں لایا گیا ہے، کوئٹہ سیف سٹی منصوبے کا بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر مثبت اثر پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی بلوچستان میں دہشتگردی کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونےدیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اسکول اور انفنٹری اور ٹیک ٹکس کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں نوجوان قیادت کے لیے نئے تربیتی طریقوں اور آن لائن امتحان کےنظام سےمتعلق بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو تربیت میں شامل کی گئی نئی تکنیک اور جدید نظام سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے انفنٹری اسکول کے اساتذہ اور طلبہ سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید جنگی چالوں اور اس میں ہونے والی ترقی سے خود کو مکمل آگاہ رکھیں۔ آرمی چیف نے نئےافسروں کی تربیت میں انفنٹری اسکول کے اساتذہ اور اسٹاف کی سخت محنت کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے کوئٹہ پہنچنے پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نےاستقبال کیا۔
خبر کا کوڈ : 898454
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش