0
Wednesday 18 Nov 2020 10:59

ایران کو انتہائی مطلوب دہشتگرد "ملا عمر ایرانی" پاکستان میں پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک

ایران کو انتہائی مطلوب دہشتگرد "ملا عمر ایرانی" پاکستان میں پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں فائرنگ کے ایک واقعے میں تین ایرانی شہری مارے گئے، جن میں ایران کو انتہائی مطلوب شخص ملا عمر ایرانی بھی شامل ہیں۔ تربت پولیس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بی بی سی کو بتایا تینوں افراد پولیس سے مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے تینوں افراد کی شناخت ہوگئی ہے اور ان میں ملا عمر ایرانی اور ان کے دو بیٹے حسن اور حسین شامل ہیں۔ ملا عمر ایرانی اور ان کے بیٹوں کی ہلاکت کا واقعہ تربت شہر میں پیش آیا ہے۔ پولیس اہلکار نے بتایا کہ تینوں افراد ایک گاڑی میں آ رہے تھے کہ پولیس نے ان کو سیٹلائٹ ٹاﺅن کے علاقے میں روکنے کی کوشش کی۔
 
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی شناخت ملا عمر ایرانی اور ان کے دو بیٹوں حسن اور حسین کے ناموں سے ہوئی۔ تربت بلوچستان کے ایران سے متصل سرحدی ضلع کیچ کا ہیڈ کوارٹر ہے۔ یہ شہر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے جنوب مغرب میں اندازاً 8 سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ ملا عمر ایرانی کا تعلق ایران کے صوبہ سیستان سے تھا۔ ایران کی نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق ملا عمر ایرانی کا تعلق کالعدم تنظیم جیش العدل سے تھا۔ واضح رہے کہ جیش العدل گذشتہ چند برسوں کے دوران ایران کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز پر کارروائی کی ذمہ داری قبول کرتی رہی ہے۔

ملا عمر ایرانی کا شمار حکومت ایران کے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں ہوتا تھا۔ بعض ذرائع کے مطابق وہ گذشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے ضلع کیچ میں رہائش پذیر تھے۔ ملا عمر ایرانی کی ہلاکت کا واقعہ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کے دورہ پاکستان کے دو روز بعد پیش آیا ہے۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ ایران نے چند سال قبل ملا عمر ایرانی کو پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی علاقے میں ایک میزائل حملے میں نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ بعض دیگر اطلاعات کے مطابق ملا عمر ایرانی کے ایک بھائی کو ایران میں پھانسی دی گئی تھی جبکہ ایک اور بھائی ایرانی سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوا تھا۔
خبر کا کوڈ : 898474
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش