QR CodeQR Code

امریکی فوج کیجانب سے مقبول ترین "موبائل ایپ" کے ذریعے 9 کروڑ 8 لاکھ مسلمانوں کی جاسوسی

17 Nov 2020 19:20

ای میگزین مدربورڈ کیمطابق امریکی خصوصی آپریشن کمانڈ کے ترجمان نیول کمانڈر ٹم ہاکنز (Tim Hawkins) نے اِس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی ٹاسک فورسز کے بیرون ملک آپریشنز کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اس ایپلیکیشن تک ہماری دسترسی انتہائی اہم ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی فوج نے "مسلم پرو" (Muslim Pro) نامی موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے تقریبا 10 کروڑ مسلمانوں کی مکمل جاسوسی کرتے ہوئے ان کی تمام ذاتی معلومات کو چرا لیا ہے۔ برطانوی ای مجلے مڈل ایسٹ مانیٹر نے انکشاف کیا ہے کہ پوری دنیا میں 9 کروڑ 80 لاکھ سے زائد مرتبہ ڈاؤنلوڈ ہونے والی نماز و قرآن کی اس موبائل ایپلیکیشن نے مسلمانوں کی چرائی گئی انتہائی مفصل معلومات کو امریکی فوج کے ہاتھ بیچ ڈالا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ ایپلیکشن اُن سافٹ ویئرز میں سے ہے جو عوام کے موبائل فونز میں موجود ہر قسم کی ذاتی معلومات کو امریکی فوج کے لئے براہ راست ارسال کر دیتی ہیں۔

کینیڈا کے شہر مونٹریل سے نشر ہونے والے امریکی-کینیڈین مجلے "وائس" (VICE) کے ای میگزین مدربورڈ (Motherboard) نے دعوی کیا ہے کہ اس نے 2 الگ الگ ڈیٹا اسٹریمز دریافت کی ہیں جو امریکی فوج کی جانب سے جغرافیائی ڈیٹا (Location Data) حاصل کرنے کے لئے استعمال کی جاتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان اسٹریمز میں سے ایک؛ انسداد دہشتگردی، انسداد بغاوت اور خصوصی نگرانی کی ذمہ دار امریکی فوج کی خصوصی آپریشن کمانڈ (Special Operations Command-USSOCOM) سے متعلق ہے جبکہ دوسری ایکس موڈ (X-Mode) نامی ایک کمپنی سے متعلق ہے جو براہ راست موبائل ایپس سے جاسوسی ڈیٹا حاصل کر کے انہیں امریکی فوج سمیت متعدد ٹھیکیداروں کو بیچ ڈالتی ہے۔

اس حوالے سے "مدربورڈ" کا دعوی ہے کہ جاسوسی کے ذریعے حاصل کئے گئے اس ڈیٹا کے سبب امریکی فوج کی جانب سے انجام دیئے گئے ممکنہ خاص آپریشنز کے بارے اُسے کوئی علم نہیں تاہم اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ موبائل "ایپس" کے ذریعے حاصل کی گئی یہ ذاتی معلومات مشرق وسطی، پاکستان اور افغانستان سمیت پوری دنیا میں امریکی فوج کی جانب سے ہونے والے ڈرون حملوں میں براہِ راست استعمال کی جا سکتی ہیں۔ مدربورڈ کے مطابق امریکی خصوصی آپریشن کمانڈ کے ترجمان نیول کمانڈر ٹم ہاکنز (Tim Hawkins) نے اِس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی ٹاسک فورسز کے بیرون ملک آپریشنز کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اس ایپلیکیشن تک ہماری دسترسی انتہائی اہم ہے۔ ٹم ہاکنز نے اپنی گفتگو میں دعوی کرتے ہوئے کہا کہ ہم طے شدہ طریقہ ہائے کار، شخصی رازداری کی حفاظت کی پالیسیوں، شہری آزادی اور امریکی شہریوں کے آئینی و بنیادی حقوق کے احترام پر سختی کے ساتھ کاربند ہیں۔


خبر کا کوڈ: 898581

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/898581/امریکی-فوج-کیجانب-سے-مقبول-ترین-موبائل-ایپ-کے-ذریعے-9-کروڑ-8-لاکھ-مسلمانوں-کی-جاسوسی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org