QR CodeQR Code

پاراچنار میں شادی کی تقریب ماتم میں تبدیل، خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق، 30 زخمی

18 Nov 2020 19:05

ڈپٹی کمشنر ضلع کرم ڈاکٹر آفاق وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ پیواڑ میں ہونیوالے افسوسناک واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ کے افسران اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں کرکے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم پاراچنار میں شادی کی تقریب کے دوران دو منزلہ کچے مکان کی چھت گرنے سے 8 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ سرحدی علاقے پیواڑ غنڈیخیل میں شادی کا گھر ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا، شادی کی تقریب کے دوران دو منزلہ کچے مکان کی چھت گرنے سے کم عمر بچیوں سمیت 8 خواتین جاں بحق ہوگئی ہیں، جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ علاقے میں فضا بھی سوگوار ہے۔ پولیس اور ہسپتال ذرائع کے مطابق سرحدی علاقے پیواڑ غنڈیخیل میں صوبیدار میر غلام کے گھر شادی کی تقریب کے دوران گھر کی چھت اچانک زمین بوس ہوگئی، جس کے نتیجے میں شادی میں شریک خواتین بچے اور بچیاں ملبے تلے دب گئیں، حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالنا شروع کیا۔

اس دوران ریسکیو 1122 سمیت دیگر امدادی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار کے ڈی ایم ایس ڈاکٹر قیصر عباس کے مطابق حادثے میں کم عمر بچوں اور بچیوں سمیت 8 خواتین جاں بحق ہوگئی ہیں، جبکہ 30 سے زائد خواتین، بچے اور بچیاں زخمی ہوگئی ہیں۔ اہلِ علاقہ کے مطابق ریٹائرڈ صوبیدار میر غلام ایک غریب شخص ہے اور ایف سی سے ریٹائرمنٹ کے بعد محنت مزدوری کرکے انتہائی مشکل حالات میں بیٹے کی شادی کروائی اور ایک کچے کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا۔ انہوں نے حکومت سے ریٹائرڈ صوبیدار میر غلام، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لئے بھرپور مالی معاونت کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ضلع کرم ڈاکٹر آفاق وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ پیواڑ میں ہونے والے افسوسناک واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ کے افسران اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں کرکے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ایف ڈی ایم اے کو متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن امداد کرنے کا کہا گیا ہے اور زخمیوں کے بہتر علاج معالجہ کیلئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ متاثرین کی مالی معاونت بھی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے مقامی لوگوں سے بھی زخمیوں کیلئے خون کی امداد کی اپیل کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 898585

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/898585/پاراچنار-میں-شادی-کی-تقریب-ماتم-تبدیل-خواتین-اور-بچوں-سمیت-8-افراد-جاں-بحق-30-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org