QR CodeQR Code

چودھری پرویزالہیٰ نے دوبارہ تحفظ بنیاد اسلام بل پاس کرنیکا مطالبہ کر دیا

18 Nov 2020 19:50

ملاقات کرنیوالے علماء سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پورا ربیع الاول کا مہینہ گزر گیا اور یہ اب ہفتہ شانِ مصطفیٰﷺ منا رہے ہیں، جبکہ تحفظ بنیاد اسلام بل میں خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کی شان میں گستاخی کرنیوالوں کیلئے سزا بھی مقرر ہے، اس بل کے حق میں لاکھوں لوگوں نے جلوس بھی نکالے۔


اسلام ٹائمز۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے لاہور میں ان رہائشگاہ پر مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنیوالوں میں شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی، علامہ محمد افضل حیدری سمیت دیگر شامل تھے جبکہ جماعت اہلحدیث کے علامہ ابتسام الہیٰ ظہیر اور عبدالغفور راشد سمیت دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر چودھری پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ ہفتہ شانِ رحمت للعالمینﷺ منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ تحفظ اسلام بل کو فوری طور پر وزیراعلیٰ ہاؤس سے نکال کر گورنر کے پاس منظوری کیلئے بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت قرآن اکیڈمی کو بنانے کا اصل مقصد حضرت محمدﷺ کی شان اقدس اور اسوہ حسنہ کو اجاگر کرنا ہے، پچاس کروڑ مالیت کے سیرت سکالرشپ دینے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ بطور وزیراعلیٰ میں نے سیرت قرآن اکیڈمی سے جو کام شروع کیے تھے، ان کو مکمل کیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے دس سال تک سیرت اکیڈمی کو تالے لگائے رکھے، موجودہ حکومت کو بھی اڑھائی سال ہوگئے، ابھی تک سیرت اکیڈمی میں کوئی خاطر خواہ کام نہیں ہوسکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورا ربیع الاول کا مہینہ گزر گیا اور یہ اب ہفتہ شانِ مصطفیٰﷺ منا رہے ہیں، جبکہ تحفظ بنیاد اسلام بل میں خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کیلئے سزا بھی مقرر ہے، اس بل کے حق میں لاکھوں لوگوں نے جلوس بھی نکالے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت اکیڈمی میں ایم فل اور سیرت رسولﷺ کی ریسرچ کلاسیں ہونی تھیں، ریسرچ سے پتہ چلنا تھا کہ خلفائے راشدین کا حکومت کرنے کا طریقہ کار کیا ہے اور اس سے آج کے حکمران کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ یہ سکالرشپ اس شعبہ میں ریسرچ کرنیوالے طلبہ کو دی جانی چاہیئے، طلبہ کوئی اور مضمون پڑھیں گے تو ایسی سکالرشپ کا کیا فائدہ، سیرت اکیڈمی کا جامعۃ الازہر اور اسلامک یونیورسٹی آف مدینہ سے الحاق ہونے جا رہا تھا، وہ بھی نہیں ہوا۔


خبر کا کوڈ: 898593

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/898593/چودھری-پرویزالہی-نے-دوبارہ-تحفظ-بنیاد-اسلام-بل-پاس-کرنیکا-مطالبہ-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org