0
Thursday 19 Nov 2020 12:45

عمران خان افغانستان کے ایک روزہ دورہ پر کابل پہنچ گئے

عمران خان افغانستان کے ایک روزہ دورہ پر کابل پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان ایک روزہ دورے پر افغانستان میں موجود ہیں جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان افغان صدر اشرف غنی کی خصوصی دعوت پر ایک روزہ دورے پر کابل پہنچے ہیں، ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل فیض حمید، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور افغانستان میں پاکستان کے نمائندہ خصوصی سمیت دیگر اہم شخصیات بھی ہیں۔ کابل ایئرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد کا استقبال افغان وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر نے کیا۔ جس کے بعد وزیراعظم عمران خان افغان صدارتی محل پہنچے جہاں افغان صدر اشرف غنی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر افغانستان کا دورہ کر رہے ہیں جہاں دوطرفہ تعلقات، افغان امن عمل، دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تجارت اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہو گی۔ یاد رہے رواں سال ستمبر میں وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا جس میں پاک افغان تعلقات کو مضبوط بنانے اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 898721
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش