QR CodeQR Code

اسکولز بند کرنے کی وفاق کی تجویز مسترد کرتے ہیں، پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن

19 Nov 2020 16:40

ہنگامی اجلاس میں چیئرمین پرویز ہارون نے کہا کہ اس وقت تعلیمی اداروں میں بچوں کی تعداد ویسے بھی کم ہے اور اسکولز بچوں کو متبادل دنوں یا شفٹوں میں بلا رہے ہیں، دیگر شعبہ جات کے مقابلے میں تعلیمی ادارے سختی سے ایس او پیز پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے متفقہ طور پر  وفاق کی 24 نومبر سے 31 جنوری تک بند کرنے کی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس میں چیئرمین پرویز ہارون نے کہا کہ پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن وزیر تعلیم سندھ کے اعلان کی بھرپور حمایت کرتی ہے کہ سردیوں کی چھٹیوں کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا پہلے ہی بہت زیادہ تعلیمی نقصان ہوچکا ہے، اس وقت تعلیمی اداروں میں بچوں کی تعداد ویسے بھی کم ہے اور اسکولز بچوں کو متبادل دنوں یا شفٹوں میں بلا رہے ہیں، دیگر شعبہ جات کے مقابلے میں تعلیمی ادارے سختی سے ایس او پیز پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے سیاسی اجتماعات پر پابندی کا فیصلہ خوش آئند ہے، کورونا کے پھیلنے کی ذمہ داری بھی غیر ذمہ دارانہ سیاسی اجتماعات پر ہے۔ اقوامِ متحدہ، یونیسف، یونیسکو و عالمی بینک ایڈوایزری کےمطابق کورونا خدشات میں بھی اسکولز کھلے رکھے جائیں، بند کرنے سے نقصانات زیادہ ہیں۔ چیئرمین پرویز ہارون نے کہا کہ اگر کسی اسکول سے کورونا کیسز پوزیٹو آتے ہیں تو انہیں 15 دن کے لئے بند کیا جا سکتا ہے، اگر کسی علاقے میں کورونا کے زیادہ کیسز ہیں تو اس علاقے کو چند دنوں کے لئے بند کیا جا سکتا ہے، مگر ملک بھر کے اسکولز کو بند کرنے کا فیصلہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہوگا، جو نجی تعلیمی اداروں کے لئے کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 898768

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/898768/اسکولز-بند-کرنے-کی-وفاق-تجویز-مسترد-کرتے-ہیں-پاکستان-پرائیویٹ-ایسوسی-ایشن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org