QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر کے سونہ مرگ، گلمرگ اور زوجیلا میں برفباری شروع

19 Nov 2020 19:36

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ جموں کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش اور برفباری جاری رہے گی۔


اسلام ٹائمز۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق جمعرات کو سونہ مرگ، زوجیلا، منی مرگ اور گگن گیر میں بعد دوپہر سے ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سونہ مرگ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں تازہ برفباری کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ آج سویرے سونہ مرگ سے کرگل کی طرف تین سو کے قریب چھوٹی بڑی گاڑیوں کو روانہ کیا گیا تاہم دوپہر ڈیڑھ بجے کے بعد کسی بھی گاڑی کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ جموں کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش اور برفباری جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور لداخ خطوں کے اندر بھی ہلکی بارش یا برفباری ہوسکتی ہے۔ جموں کشمیر میں رواں برس کی پہلی برفباری حال ہی میں ہوئی جس نے کم و بیش چار ماہ سے چلی آرہی خشک سالی کو توڑا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں آج کم سے کم 0.1 ڈگری سیلشیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 898794

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/898794/مقبوضہ-کشمیر-کے-سونہ-مرگ-گلمرگ-اور-زوجیلا-میں-برفباری-شروع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org