QR CodeQR Code

ہم امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی کے نہیں، بلکہ انکے مکمل انخلاء کے خواہاں ہیں، کریم علیوی

19 Nov 2020 20:35

عراقی پارلیمانی اتحاد "الفتح" کے نمائندے نے "بغداد الیوم" کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے عراق میں موجود امریکی افواج میں کمی کے امریکی فیصلے کو مسترد کر دیا اور کہا کہ امریکیوں کا یہ اقدام ناقابل قبول ہے کیونکہ منظور شدہ پارلیمانی قرارداد میں واضح طور پر بیان کر دیا گیا ہے کہ تمام غیر ملکی افواج کردستان سمیت ملک کے تمام علاقوں سے نکل جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ عراقی پارلیمانی اتحاد "الفتح" کے نمائندے سینیٹر کریم علیوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک سے غیر ملکی افواج کے مکمل انخلاء کی خواہاں ہیں۔ کریم علیوی نے ای مجلے "بغداد الیوم" کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عراق میں موجود امریکی افواج میں کمی لانے کے امریکی فیصلے کو مسترد کر دیا اور کہا کہ امریکیوں کا یہ اقدام ناقابل قبول ہے کیونکہ منظور شدہ پارلیمانی قرارداد میں واضح طور پر بیان کر دیا گیا ہے کہ تمام غیر ملکی افواج کردستان سمیت ملک کے تمام علاقوں سے نکل جائیں۔

کریم علیوی نے تاکیدکرتے ہوئے کہا کہ عراقی سرزمین سے غیر ملکی افواج کے مکمل انخلاء کا مطالبہ نہ صرف جاری ہے بلکہ اس میں پہلے سے کہیں زیادہ جوش و خروش بھی آیا ہے۔ عراقی سینیٹر نے کہا کہ ملک میں موجود امریکی افواج میں کمی کا یہ اقدام، ہمیں تمام غیر ملکی افواج کے فوری انخلاء کے مطالبے سے دستبردار نہیں کر سکتا۔ کریم علیوی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ملک سے امریکی افواج کو نکال باہر کرنے کے اس مطالبے کو بھرپور سیاسی و عوامی حمایت حاصل ہے، کہا کہ ملک میں موجود تمام غیر ملکی افواج کو مکمل طور پر نکلنا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز عراقی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے قومی سلامتی و دفاع کے رکن ھریم آغا نے اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ عراقی سرزمین سے مکمل طور پر نہیں نکلے گا بلکہ یہاں موجود اپنی فورسز کی تعداد میں کمی لائے گا۔ ھریم آغا کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ کی تکنیکی کمیٹی اس حوالے سے سرگرم ہے اور امکان ہے کہ جو بائیڈن کی جانب سے صدارت سنبھال لینے کے بعد امریکہ اس حوالے سے نئی سیاست اختیار کر لے گا۔


خبر کا کوڈ: 898821

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/898821/ہم-امریکی-فوجیوں-کی-تعداد-میں-کمی-کے-نہیں-بلکہ-انکے-مکمل-انخلاء-خواہاں-ہیں-کریم-علیوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org