0
Thursday 19 Nov 2020 20:54

عمران خان، شیخ رشید نے کراچی کے عوام سے بھونڈا مذاق کیا، حافظ نعیم الرحمن

عمران خان، شیخ رشید نے کراچی کے عوام سے بھونڈا مذاق کیا، حافظ نعیم الرحمن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ سرکلر ریلوے کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان اور وزیر ریلوے شیخ رشید نے کراچی کے لوگوں کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا ہے۔ کراچی میں ادارہ نورِ حق میں انجئیر سلیم اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ سرکلر ریلوے پاکستان کا بہترین منصوبہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ 90ء کی دہائی میں کراچی ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور کراچی سرکلر ریلوے بند ہوگئی، ایم کیو ایم کے عروج اور نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے دور میں یہ منصوبے غیر فعال رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر ریلوے شیخ رشید نے کراچی کے لوگوں کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا ہے، سندھ حکومت بھی اس کی ذمہ دار ہے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ شہر کے ساتھ زیادتی کا سلسلہ آج کا نہیں ہے، پیپلز پارٹی کی کراچی دشمنی آج سے نہیں ہے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ آمریت ہو یا جمہوریت سب نے کراچی کو دھوکہ دیا، گیارہ مہینے میں اورنج ٹرین بنادی گئی لیکن نواز شریف کے ڈھائی سال کے عرصے میں گرین لائن کا منصوبہ پایہ تکمیل کو نہ پہنچ پایا، کوئی سرکلر ریلوے بحال نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ کی بنیاد پر لوگوں کو دھوکہ دیا جارہا ہے، ہمیں یہ لالی پاپ نہیں چاہیئے ہمیں پورا ماس ٹرانسٹ نظام چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ 41 فیصد انکم ٹیکس کراچی کے لوگوں نے دیا ہے، کراچی ملک کی معیشت کو چلا رہا ہے، حقوق کراچی کے اگلے لائحہ عمل پر کام جاری ہے۔ اس موقع پر انجینئر سلیم اظہر نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے پر 1962ء میں آغاز ہوا جو 1969ء میں تیار ہوکر شروع ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے پہلے سال میں 7 ملین لوگوں نے اس پر سفر کیا تھا، اس وقت سب سے منافع بخش منصوبہ تھا جس میں 90ء کے بعد اس میں مسائل پیدا کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 898824
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش