0
Thursday 19 Nov 2020 21:45

حکومت جماعت اسلامی کے کامیاب جلسے دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہے، مشتاق خان

حکومت جماعت اسلامی کے کامیاب جلسے دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہے، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ 22 نومبر بروز اتوار گراسی گراؤنڈ سوات میں ہر صورت جلسہ عام کا انعقاد کریں گے۔ صوبائی حکومت جماعت اسلامی کے باجوڑ اور بونیر کے کامیاب جلسوں سے بوکھلاہٹ اور خوف کا شکار ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ ضلع انتظامیہ، وزیر اعلیٰ اور صوبائی حکومت کی ایماء پر جلسے کا این او سی جاری نہیں کر رہی ہے۔ دارلقضاء سوات  کی طرف سے جلسے کی اجازت آئین اور جمہوریت کی جیت ہے، جس پر اعلیٰ عدلیہ کے مشکور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے مرکز اسلامی پشاور سے جاری کئے گئے اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی عوام دشمن اور نالائق حکومت کے خلاف جماعت اسلامی کی جاری کامیاب مہم باجوڑ اور بونیر میں کامیاب جلسوں سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سوات وزیر اعلیٰ اور صوبائی حکومت کے اشاروں پر جماعت اسلامی کو گراسی گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کے لیے این او سی جاری نہیں کر رہی، جس کے خلاف جماعت اسلامی نے دارالقضاء میں درخواست جمع کی تھی جس پر فیصلہ سناتے ہوئے دارالقضاء نے جماعت اسلامی  کو جلسہ کرنے کی اجازت دیدی ہے جس پر ہم اعلیٰ عدلیہ کے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلسوں پر پابندی آئین اور دستور کی خلاف ورزی، اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگانا اور جمہوریت کا گلہ دبانے کے مترادف ہے۔ جماعت اسلامی کی حالیہ تحریک ملک میں جاری شدید مہنگائی، بے روزگاری، تحریک انصاف کی ناقص ترین حکومتی پالیسیز کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت صوبہ خیبر پختونخوا کے مالیاتی حقوق کے حصول میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، جس میں این ایف سی ایوارڈ، بجلی کا خالص منافع شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ میں مسلسل قرآن پاک کی بے حرمتی اور نبیﷺ کی شان میں گستاخیاں ہو رہی ہیں لیکن ہماری حکومت اس پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ 22 نومبر جلسہ تاریخی ہو گا۔ انہوں نے سوات کی عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے جماعت اسلامی اور جماعت اسلامی یوتھ کے کارکنان کو تاکید کی کہ ہر گاؤں، محلے، بازار، مسجد اور کھیل کے میدانوں میں عوام تک جلسے کی دعوت پہنچائیں۔
خبر کا کوڈ : 898829
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش