0
Friday 20 Nov 2020 08:56

خادم رضوی کو فیض آباد دھرنے میں بھی 103 پر بخار تھا، سعد رضوی

خادم رضوی کو فیض آباد دھرنے میں بھی 103 پر بخار تھا، سعد رضوی
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کے فرزند حافظ سعد رضوی کا کہنا ہے کہ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور بخار میں متبلا تھے۔ ڈاکٹروں نے انہیں فیض آباد دھرنے میں شرکت کرنے سے بھی روکا تھا، تاہم وہ ڈاکٹروں کی تجویز نظرانداز کرکے دھرنے میں شرکت کیلئے اسلام آباد گئے۔ حافظ سعد رضوی کے مطابق دھرنے کے دوران بھی انہیں ڈرپ لگی ہوئی تھی۔ خادم رضوی کی رہائشگاہ کے باہر کارکنوں کی ایک بڑی تعداد رات گئے ہی جمع ہوگئی تھی جبکہ اب بھی شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ تحریک لبیک سمیت دیگر مذہبی حلقوں میں سوگ کی کیفیت ہے۔

خادم حسین رضوی کی اچانک وفات پر وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری شجاعت، چودھری پرویزالہیٰ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، وزیراعظم کے معاون خصوصی طاہر اشرفی، سپاہ صحابہ کے اورنگزیب فاروقی، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین، رکن پنجاب اسمبلی معاویہ اعظم طارق سمیت ملک بھر کی اہم سیاسی و سماجی شخصیات اور سینیئر صحافیوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر تعزیتی بیانات جاری کرکے اظہار تعزیت کیا ہے۔

رات گئے خادم رضوی کے شاگرد احمد رضا چشتی اور صحافی اظہار اللہ نے ایک ویڈیو جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ ’’بابا جی کو ہوش آگیا ہے‘‘ یعنی بتایا کہ ان کا انتقال نہیں ہوا تھا بلکہ وہ بے ہوش ہوگئے تھے، جبکہ شیخ زاید ہسپتال کے ڈاکٹر ان کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرچکے تھے۔ تاہم بعدازاں ان کے شاگرد اور صحافی کی ویڈیو جھوٹی ثابت ہوئی۔ پولیس نے ملتان روڈ کو سمن آباد موڑ اور سکیم موڑ سے بند کر دیا ہے، جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا جا رہا ہے۔ سمن آباد موڑ سے ہی راستے کی بندش کے باعث چھپڑ سٹاپ، چوک یتیم خانہ، نیازی اڈہ، سٹی اڈہ اور رہبر بس ٹرمینل جانیوالوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 898868
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش