0
Friday 20 Nov 2020 22:35

دفعہ 370 کبھی واپس نہیں لیا جائیگا، سید شاہنواز حسین

دفعہ 370 کبھی واپس نہیں لیا جائیگا، سید شاہنواز حسین
اسلام ٹائمز۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی ترجمان سید شاہنواز حسین نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت دفعہ 370 کو بحال نہیں کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’گپکار گینگ‘ والے اس حقیقت سے خود بخوبی واقف ہیں لیکن لوگوں کو اس سلسلے میں ورغلا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آسمان میں لکھی ہوئی عبارت دکھ رہی ہے کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ حصہ ہے۔ انہوں نے ان باتوں کا اظہار جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ وہ ڈی ڈی سی انتخابات کے سلسلے میں وادی کے چار روزہ دورے پر ہیں۔ انہوں نے دفعہ 370 کے عدالت عظمٰی میں زیر سماعت ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ کس نے کہہ دیا آپ کو کہ دفعہ زیر سماعت ہے، میں حاجی بھی ہوں اور حضرت نصیر الدین چراغ دہلوی کے خاندان سے نسبت بھی رکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں ذمہ داری سے خدا کو حاضر و ناظر رکھ کر کہتا ہوں کہ دفعہ 370 کبھی بھی واپس نہیں آئے گی، یہ بات ’گپکار گینگ‘ والے بھی جانتے ہیں لیکن وہ لوگوں کو ورغلانے کے لئے طرح طرح کی باتیں کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت دفعہ 370 کو واپس نہیں لا سکتی اور آسمان میں لکھی ہوئی عبارت دکھ رہی ہے کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ حصہ ہے۔ سید شہنواز حسین نے کہا کہ فاروق عبداللہ دہلی میں آکر ’بھارت ماتا کی جے‘ اور ’بھجن کیرتن‘ بھی مست ہوکر گاتے ہیں اور یہاں دوسری بولی بولتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے فکرمند ہے اور ان کی ہمہ گیر ترقی یقینی بنانا چاہتی ہے۔ سید شاہنواز حسین نے کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ محبت کرتی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہاں بھی ایسی ہی ترقی ہو جس طرح باقی ملک میں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر وزیراعظم نریندر مودی کے دل میں بستا ہے اور دماغ پر چھایا ہوا ہے اور جموں و کشمیر میں ترقی ہو اور نوجوانوں کو روزگار ملے یہ ان کی ضد ہے۔

پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے بھاجپا کے قومی ترجمان نے کہا کہ یہ جو ’گپکار گینگ‘ ہے۔ انہوں نے ہمیشہ اپنا اور اپنے رشتہ داروں کی بھلائی کے لئے کام کیا ہے اگر کشمیر کے لوگوں کی بھلائی کے لئے کام کیا ہوتا تو آج یہ لوگ بھی کشمیر میں کھل کر گھومتے اور ان کی مقبولیت ختم نہیں ہوئی ہوتی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہنواز حسین نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی جو خواب لوگوں کو دکھا رہے ہیں وہ پورے نہیں ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پہلے دفعہ 370 کو بچانے کے لئے لوگوں کو ورغلا رہے تھے اور اب اس کو واپس لانے کے لئے لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مردہ قبر سے واپس نہیں لوٹ سکتا اسی طرح دفعہ 370 بھی واپس نہیں لوٹ سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 898952
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش