QR CodeQR Code

سندھ میں کورونا کیسز کیساتھ اموات میں بھی اضافہ ہونے لگا

20 Nov 2020 21:42

ایک بیان میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے آج مزید ایک ہزار 276 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں وباء سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 61 ہزار 28 ہوگئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ میں عالمی کورونا وائرس کے کیسز کے ساتھ اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے جب کہ 27 جولائی کے بعد آج ایک دن میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ ہوئی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بتایا ہے کہ صوبے میں وباء سے آج 19 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ 27 جولائی کو 20 اموات سامنے آئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے اموات کی کل تعداد 2799 ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ اور کراچی میں 12 جولائی کے بعد آج کورونا کے سب سے زیادہ کیسز ایک دن میں ریکارڈ ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے آج مزید ایک ہزار 276 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں وباء سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 61 ہزار 28 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا متاثرہ 446 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جب کہ اس وقت کورونا کے 48 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ ان کا مزید بتانا تھا کہ کراچی میں بھی 12 جولائی کے بعد سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، چوبیس گھنٹے کے دوران 929 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک شہر میں ایک لاکھ دس ہزار 550 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔


خبر کا کوڈ: 898992

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/898992/سندھ-میں-کورونا-کیسز-کیساتھ-اموات-بھی-اضافہ-ہونے-لگا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org