QR CodeQR Code

پی ڈی ایم جلسہ، حکومت اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہی ہے، ہم منہ توڑ جواب دینگے ، سردار حسین بابک

21 Nov 2020 10:43

پریس کانفرنس سے خطاب میں اے این پی رہنما نے کہا کہ ان لوگوں کو تربیت اور سیاسی بلوغت کی ضرورت ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ اپنے پی آر اوز کے ذریعے اپوزیشن کو فون کال کرا کے آرڈر دیں۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ اعلان شدہ جلسہ 22 نومبر کو پشاور میں ہوگا، ہم نے جلسے کیلئے 5 تاریخ کو درخواست دی تھی، مگر انتظامیہ آج ہمیں سیکشن 14 بتا کر این او سی دینے سے انکار کرتی ہے۔ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اے این پی رہنما نے کہا کہ یہ انکار انتظامیہ کے ناجائز اختیارات کا استعمال ہے، حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی طرف سے ہر ضلع میں بین الاضلاعی بارڈرز پر نفریاں بڑھا دی گئی ہیں، ڈپٹی کمشنر پشاور اپنی نوکری پکی کرنے کیلئے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ سردار بابک نے مزید کہا کہ ان لوگوں کو تربیت اور سیاسی بلوغت کی ضرورت ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ اپنے پی آر اوز کے ذریعے اپوزیشن کو فون کال کرا کے آرڈر دیں۔ وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کہتے تھے 100 لوگ میرے خلاف اکٹھے ہوگئے تو حکومت چھوڑ دونگا، ہم ٹکراو نہیں چاہتے، تعداد دیکھ کر آپکی آنکھیں کھل جائیں گی۔ اے این پی رہنما نے کہا کہ گراسی گراونڈ میں یہ جو لہجہ استعمال کر رہے تھے وہ یہ بھول گئے، یہ حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ 22 کو یہ نیٹ سروس اور دیگر رابطے بند کردیں گے، حکومت اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہی ہے، ہم منہ توڑ جواب دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 899049

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899049/پی-ڈی-ایم-جلسہ-حکومت-اختیارات-کا-ناجائز-استعمال-کر-رہی-ہے-ہم-منہ-توڑ-جواب-دینگے-سردار-حسین-بابک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org