QR CodeQR Code

حکومت کا عوامی شعبوں کو مختلف اداروں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ

21 Nov 2020 13:06

ذرائٰع کے مطابق وزیر اطلاعات شبلی فراز کے ساتھ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت حسین نے وفاقی ٹیکس جمع کرنے والی تنظیم میں کی جانے والی اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے متعدد سرکاری کاروباری اداروں بشمول پاکستان ریلوے، پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل ملز کو متعدد چھوٹے اداروں میں بدلنے اور نجی اداروں کو ان اداروں کو چلانے کے لیے شامل کرنے کا اعلان کر دیا۔ ذرائٰع کے مطابق وزیر اطلاعات شبلی فراز کے ساتھ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت حسین نے وفاقی ٹیکس جمع کرنے والی تنظیم میں کی جانے والی اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں بدانتظامی اور بدعنوانی کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بدانتظامیوں کو ختم کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انسانی باہمی روابط کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ٹیکس وصولی کی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے قابل ہو جاتے ہیں تو حکومت کو قرض لینے کی ضرورت نہیں ہوگی اور قومی قرض میں کمی آئے گی، نئے نظام کے تحت سیلز ٹیکس ریٹرن کی ادائیگی آسانی سے جاری کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب دعویداروں کو ریفنڈ کے لیے چیک وصول کرنے کے لیے کسی عہدیدار سے ملاقات کرنے کی ضرورت نہیں ہے، رقم براہ راست کمپنی کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کردی جاتی ہے، ہم نے 250 ارب روپے تک کے ریفنڈ کو کلیئر کردیا ہے اور جلد ہی انکم ٹیکس ریٹرن کے لیے بھی یہ نظام نافذ کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ تقریباً 27 لاکھ فائلرز میں سے 10 لاکھ افراد نے نہ ہونے کے برابر آمدنی ظاہر کی اور ایف بی آر نے ان لوگوں کے بارے میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی، سول ایوی ایشن وغیرہ سے معلومات جمع کرنا شروع کر دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیٹا بیس کے انضمام کی وجہ سے ایف بی آر کو ایسے افراد کا طرز زندگی معلوم ہوگا، یہ ٹیکس بیسز کو بڑھائے گا اور آخر کار ٹیکس کی شرح کو کم کرنے کا باعث بنے گا، اس طرح کے تمام اقدامات سے ایف بی آر کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ پاکستان ریلویز کے تنظیم نو کے منصوبے کو وفاقی کابینہ نے منظور کرلیا ہے اور اسے 5 اداروں میں تقسیم کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 899084

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899084/حکومت-کا-عوامی-شعبوں-کو-مختلف-اداروں-میں-تقسیم-کرنے-منصوبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org