QR CodeQR Code

یمن، "ماس" فوجی اڈے پر انصاراللہ کا کنٹرول بحال

21 Nov 2020 17:17

عرب نیوز چینل المیادین کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے یمنی وزیر سیاحت نے صوبہ مأرب میں واقع سعودی اتحاد کے بڑے فوجی اڈے کے انصاراللہ کے کنٹرول میں آ جانیکی تصدیق کی اور کہا ہے کہ گذشتہ 6 سالوں سے جاری قتل عام کے بعد اب اپنی سرزمین کو اسلحے کے زور پر واپس لینے کیعلاوہ ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں بچا۔


اسلام ٹائمز۔ یمنی وزیر سیاحت احمد العیبی نے صوبہ مأرب میں واقع سعودی اتحاد کے بڑے فوجی اڈے "ماس" کے انصاراللہ کے کنٹرول میں آ جانے کی تصدیق کی ہے۔ یمنی وزیر سیاحت نے عرب نیوز چینل المیادین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماس فوجی اڈہ یمنی فورسز کے کنٹرول میں آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 6 سالوں سے جاری (سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے یمنی عوام کے) قتل عام کے بعد اب اپنی سرزمین کو اسلحے کے زور پر واپس لینے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں بچا۔ احمد العیبی نے اپنی گفتگو میں تاکید کرتے ہوئے کہا کہ جارح فورسز کے قبضے میں باقی رہ جانے والے دوسری یمنی علاقوں کی آزادی ملکی فوج اور عوامی مزاحمتی فورسز کی ذمہ داری ہے۔

قبل ازیں عرب ای مجلے عدن24 کی جانب سے گذشتہ روز اعلان کیا گیا تھا کہ یمنی مسلح افواج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے ماس فوجی اڈے کا گھیراؤ کرنے کے بعد اب وہاں اپنا کنٹرول بحال کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ ماس فوجی اڈہ یمنی صوبے مأرب کے اندر الاصلاح پارٹی کا سب سے بڑا گڑھ تھا جو شہر مأرب کے انتہائی قریب واقع ہے جبکہ اس فوجی اڈے کے انصاراللہ کے کنٹرول میں آ جانے کے بعد شہر مأرب اب یمنی افواج اور عوامی مزاحتمی فورسز کی براہ راست زد میں آ چکا ہے۔ تیل سے مالا مال یمنی صوبہ مأرب مستعفی یمنی حکومت کی حلیف الاصلاح پارٹی کا اہم ترین مرکز مانا جاتا ہے جو عبدربہ منصور ہادی کی پیادہ فوج کا ایک بڑا حصہ تشکیل دیتی ہے۔ یاد رہے کہ شہر مأرب پر انصاراللہ کا کنٹرول بحال ہو جانے کے بعد مستعفی یمنی حکومت صوبوں تعز، المھرہ اور حضرموت کے کچھ علاقوں میں ہی باقی رہ جائے گی جبکہ دوسرے تمام صوبوں پر جنوبی عبوری کونسل (Southern Transitional Council) کے مسلح جنگجوؤں کا قبضہ برقرار ہے۔


خبر کا کوڈ: 899147

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899147/یمن-ماس-فوجی-اڈے-پر-انصاراللہ-کا-کنٹرول-بحال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org