QR CodeQR Code

سعودی فوجی اتحاد کی بربریت

سکولوں، سکول بسوں، ہسپتالوں اور گھروں پر سعودی حملوں میں 7 ہزار سے زائد یمنی بچے شہید و زخمی

22 Nov 2020 17:03

عالمی یوم اطفال پر یمنی وزارت خارجہ کیطرف سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا ایک ایسے حال میں عالمی یوم اطفال منا رہی ہے جب یمنی بچوں کو قتل عام، سکولوں و ہسپتالوں پر بمباری اور انسانی بنیادوں پر ملنے والی امداد میں رکاوٹ ڈالنے جیسے سعودی عرب کے انتہائی گھناؤنے جرائم کا سامنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عرب نیوز چینل المسیرہ کے مطابق عالمی یوم اطفال کی مناسبت سے یمنی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا ایک ایسے حال میں عالمی یوم اطفال منا رہی ہے جب یمنی بچوں کو قتل عام، سکولوں و ہسپتالوں پر بمباری اور انسانی بنیادوں پر ملنے والی امداد میں رکاوٹ ڈالنے جیسے سعودی عرب کے انتہائی گھناؤنے جرائم کا سامنا ہے۔ یمنی وزارت خارجہ کے بیان میں اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 1 کروڑ 22 لاکھ یمنی بچے فوری طور پر انسانی امداد کے محتاج اور 5 سال سے کم عمر کے 50 لاکھ سے زائد یمنی بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے مسلط کردہ جنگ کے باعث نہ صرف 17 لاکھ 10 ہزار یمنی بچے بے گھر ہو چکے ہیں اور 20 لاکھ سے زائد اپنی تعلیم جاری رکھنے کے قابل نہیں رہے بلکہ ملک میں ویکسین کی بھی شدید کمی ہو گئی ہے جس کے سبب بچوں کی شرح اموات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

یمنی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جارح سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے سکولوں، سکول بسوں، ہسپتالوں اور گھروں پر ہونے والی وحشتناک بمباری کا نشانہ بننے کے باعث تاحال 3,790 یمنی بچے شہید اور 4,089 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ یمنی وزارت خارجہ کے بیان میں اقوام متحدہ کی جانب سے جارح سعودی عرب کو "بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے والی حکومتوں" کی فہرست سے خارج کئے جانے کی شدید مذمت کئے جانے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ وہ جارح سعودی عرب کو بچوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے والی حکومتوں کی فہرست میں شامل کرے۔ یمنی وزارت خارجہ نے اپنے بیان کے آخر میں اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ جارح سعودی عرب کی جانب سے یمنی بچوں کے خلاف ہونے والے گھناؤنے جرائم کی فی الفور مذمت کریں اور انہیں رُکوانے کے لئے عالمی سطح پر عملی اقدامات اٹھائیں۔


خبر کا کوڈ: 899339

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899339/سکولوں-سکول-بسوں-ہسپتالوں-اور-گھروں-پر-سعودی-حملوں-میں-7-ہزار-سے-زائد-یمنی-بچے-شہید-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org