QR CodeQR Code

نون لیگ کا ملک دشمن بیانیہ الطاف کے بیانئے سے زیادہ خطرناک ہے، پاکستان عوامی تحریک

22 Nov 2020 19:52

کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ اسلام دشمن مغربی طاقتیں مقدس ہستیوں کی بے حرمتی بند کریں، انبیاء کی شان میں گستاخی آزادی اظہار نہیں بلکہ دہشتگردی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کراچی کے زیر اہتمام سیاسی مافیا کی جانب سے پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف، بھارتی ایجنڈے پر ملک دشمن بیان بازی کیخلاف یوم احتجاج منایا گیا، اس مناسبت سے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ بعنوان "سیاست نہیں ریاست بچاؤ" کیا گیا۔ مظاہرے میں پاکستان عوامی تحریک کی قیادت کے علاوہ بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی اے ٹی کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، صوبائی صدر مشتاق صدیقی، صوبائی جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود نے کہا کہ ریاست ہوگی تو سیاست ہوگی، مفاد پرست لیڈر ملک دشمن عناصر کے بیانئے کو پروان چڑھا رہے ہیں، سیاست کے نام پر ریاست کو داؤ پر لگانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نوٹس لینا ہوگا، نون لیگ کا ملک دشمن بیانیہ الطاف حسین کے بیانئے سے زیادہ خطرناک ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور پاکستان عوامی تحریک کا سیاست نہیں ریاست بچاؤ کا نعرہ وقت نے ایک بار پھر سچ ثابت کر دیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ کورونا کے نام پر تعلیمی اداروں کی بندش منظور نہیں، ریاست احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرائے، حکومت تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے بجائے جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کرے۔

رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان میں دوبارہ کورونا پھیلاؤ کے ذمہ دار حکومت اور اپوزیشن ہے، سیاست کے نام پر جلسوں میں ایس او پیز کا خیال نہ رکھ کر انسانی زندگیوں کے ساتھ کھیل کھیلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مزار قائد کی بے حرمتی پر نون لیگ کو ریلیف دینا کرپٹ نظام کا شاخسانہ ہے، کراچی کے ساتھ تمام سیاسی دعویدار سیاست کر رہے ہیں، کراچی کی تباہی کے ذمہ دار وہی لوگ ہیں، جو عشروں سے کراچی اور سندھ کے اقتدار پر قابض ہیں، اہلیان کراچی کو لاوارث کرنے والے سیاسی مافیاز کو شہری مسترد کر دیں۔ رہنماؤں نے آزاد کشمیر میں بھارتی فائرنگ میں انسانی جانوں کے ضیاع کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت طاقت کے نشے میں مسلسل بین الاقوامی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، عالمی طاقتوں کو نوٹس لینا ہوگا، کیونکہ بھارت جنوبی ایشیاء کے امن کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔ رہنماؤں نے فرانس کی جانب سے تاجدار کائناتﷺ کی شان میں گستاخی کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دشمن مغربی طاقتیں مقدس ہستیوں کی بے حرمتی بند کریں، انبیاء کی شان میں گستاخی آزادی اظہار نہیں بلکہ دہشتگردی ہے، اس سے انتہاء پسندی جنم لیتی ہے۔

مقررین نے کہا کہ مغربی قانون دان آزادی اظہار کی غلط تشریح کرکے اپنی عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، مسلم امہ کسی کو بھی مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کی اجازت نہیں دے گی، اقوام متحدہ مستقل قانون سازی کرکے مقدس ہستیوں کی شان میں بے حرمتی کو عالمی دہشتگردی قرار دے۔ پی اے ٹی رہنماؤں نے عدلیہ اور وزیراعظم سے سوال کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو سزا کب ملے گی اور 14 شہداء کی فیملیز اب بھی انصاف کی منتظر ہیں، حکومت اور عدلیہ ہمیں انصاف کیلئے ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور نہ کرے۔ احتجاجی مظاہرے میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماء سید ظفر اقبال، ناظم تحریک منہاج القرآن مرزا جنید علی، صوبائی قیادت ثاقب نوشاہی، ڈاکٹر شہزاد، اطہر جاوید صدیقی، محمود میمن، نوید عالم، راؤ طیب، ساجدہ جبین، عدنان رؤف، شفقت شیخ، بشیر خان مروت، مزرق حسین شاہ، ارشد ایوب، عالم بادشاہ ایڈوکیٹ سمیت پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدور و جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 899346

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899346/نون-لیگ-کا-ملک-دشمن-بیانیہ-الطاف-کے-بیانئے-سے-زیادہ-خطرناک-ہے-پاکستان-عوامی-تحریک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org