QR CodeQR Code

جب تک گڈ کرپٹ، بیڈ کرپٹ کھیلتے رہیں گے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوسکتا، بلاول زرداری

22 Nov 2020 20:47

پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پی پی سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام فیصلہ کریں گے کہ ملک کی خارجہ پالیسی کیسے چلے گی، حکومت نے معیشت کے ساتھ جو کیا وہ سب کے سامنے ہے، اس حکومت میں تاریخی بے روزگاری اور مہنگائی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جب تک ایک قانون نہیں ہوگا کرپشن کے ناسور کا خاتمہ نہیں کرسکیں گے۔ نمائندہ ‘‘اسلام ٹائمز‘‘ کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک گڈ کرپٹ بیڈ کرپٹ کھیلتے رہیں گے تو کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام فیصلہ کریں گے کہ ملک کی خارجہ پالیسی کیسے چلے گی، حکومت نے معیشت کے ساتھ جو کیا وہ سب کے سامنے ہے، اس حکومت میں تاریخی بے روزگاری اور مہنگائی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ تیل، آٹے اور چینی کے بعد گیس کا بحران بھی آگیا ہے، ایف بی آر کی وجہ سے کے پی کو 162 ارب روپے نہیں دئیے گئے، سوچیں اس 162 ارب روپے کی وجہ سے صوبے کو کیا کیا دیا جاسکتا تھا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو سی پیک کے متبادل روٹ کی بات کرتے تھے، جب سے یہ لوگ حکومت میں آئے ہیں متبادل روٹ پر کام نہیں کیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو معدنی وسائل کی رائلٹی نہیں دی جاتی، آپ کو ہائیڈل پاور، گیس اور تیل پر رائلٹی نہیں ملتی، غریب کی پہنچ سے چکن تو دور ہے اب تو انہیں انڈا بھی دستیاب نہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں کرپشن میں اضافہ ہوا، نیب کو نظر نہیں آتا کہ مالم جبہ میں کیا کیا کرپشن کی گئی، عوام نیب سے بھی حساب لیں گے۔


خبر کا کوڈ: 899353

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899353/جب-تک-گڈ-کرپٹ-بیڈ-کھیلتے-رہیں-گے-کرپشن-کا-خاتمہ-نہیں-ہوسکتا-بلاول-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org