QR CodeQR Code

پاراچنار، صدائے مظلومین کے زیراہتمام بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج

22 Nov 2020 23:33

رہنماوں نے کہا کہ اگر بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، پانی کی قلت سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ پاراچنار شہر سمیت ضلع کرم میں بدترین بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف صدائے مظلومین پاراچنار کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین واپڈا حکام کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کشمیر چوک سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچے، جہاں پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سماجی رہنماؤں شفیق حسین مطہری، مجاہد طوری، احمد حسین طوری، علامہ مزمل حسین، مرتضیٰ حسین اور دیگر مقررین نے کہا کہ پاراچنار شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے، بلوں کی ادائیگی کے باوجود بجلی غائب رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور پانی بنیادی حقوق میں شمار ہوتے ہیں مگر بد قسمتی سے قبائلی عوام ان بنیادی حقوق سے ہمیشہ سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں بھی پاراچنار شہر اور مضافات میں چوبیس گھنٹوں میں بمشکل ایک آدھ گھنٹہ بجلی فراہم کی جارہی ہے جو کہ سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شہر میں نہ صرف بجلی بلکہ پینے کے صاف پانی، نکاسی آب، گندگی، سڑکوں کی خستہ حالی، موبائل سگنلز سمیت تمام تر ضروریات زندگی درہم برہم ہیں۔ متعلقہ حکام خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں۔ رہنماوں نے کہا کہ اگر بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، پانی کی قلت سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 899365

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899365/پاراچنار-صدائے-مظلومین-کے-زیراہتمام-بجلی-کی-طویل-لوڈشیڈنگ-کیخلاف-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org