QR CodeQR Code

 موجودہ حکمران کہتے تھے کہ ایک کروڑ نوکریاں دیں گے لیکن 27 لاکھ لوگ بے روزگار کر دیے، یوسف رضا گیلانی 

22 Nov 2020 23:34

ملتان میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم اقتدار میں چور دروازہ سے نہیں آنا چاہتے عوام کی طاقت سے آئیں گے اور جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائیں گے، انتطامیہ کا ہم نے اپنے دور میں بہت احترام کیا اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ انتظامیہ غیرقانونی حکم مانیں اپنے فرائض کو خوش اسلوبی سے نبھائیں۔


اسلام ٹائمز۔ جب ہم کہتے تھے کہ کورونا ہے تو حکومت کہتی تھی کہ عام فلو ہے لیکن آج یہ ہمیں کہتے ہیں کہ کورونا ہے جلسہ کی اجازت نہیں دینگے، یہ ہمیں نہیں روک سکتے 30 نومبر کو ملتان میں بھی جلسہ ہوگا اور گرفتاریاں، مقدمات غیرجمہوری و غیرآئینی حربے استعمال کرنا حکومت بند کرے۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے پی وائی او ملتان ڈویڑن کے صدر ملک ندیم اختر کی میزبانی میں اور صوبائی صدر پی وائی او سید عارف شاہ کی صدارت میں ہونے والے ملتان ڈویڑن کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان پی ڈی ایم کا ساتھ دیں ہم قانون کی بالادستی، آئین کا بالادستی اور معاشی حالات کو بہتر کرنا چاہتے ہیں آج ملک میں مہنگائی عروج پر ہے لوگ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، دو وقت کا کھانا غریب کو میسر نہیں ہم نے مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران کہتے تھے کہ ایک کروڑ نوکریاں دیں گے لیکن 27 لاکھ لوگ بے روزگار کر دیے، کہتے تھے کہ چھت دیں گے 50 لاکھ گھر دیں گے لیکن لاکھوں سے چھت چھین لی کہتے تھے کہ گندم، چینی، کپاس، چاول سستے کریں گے لیکن دال بھی سستی نہیں وہ بھی غریب کی پہنچ سے باہر ہے، ہم اقتدار میں چور دروازہ سے نہیں آنا چاہتے۔

اُنہوں نے کہا کہ عوام کی طاقت سے آئیں گے اور جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائیں گے، انتطامیہ کا ہم نے اپنے دور میں بہت احترام کیا اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ انتظامیہ غیرقانونی حکم مانیں اپنے فرائض کو خوش اسلوبی سے نبھائیں۔ مزید براں پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، سید عارف شاہ، ڈویڑنل صدر خالد حنیف لودھی، سٹی صدر ملک نسیم لابر، ضلعی جنرل سیکرٹری راو ساجد علی، سٹی جنرل سیکرٹری اے ڈی بلوچ، پی ایل ایف جنوبی پنجاب کے صدر شیخ غیاث الحق ایڈووکیٹ دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے کان کھول کر سن لیں کہ ہم نہ گھبرانے والے ہیں نہ ڈرنے والے ہیں، جلسہ ہوگا اور ہر صورت ہوگا اور 30 نومبر کی رات حکومت اپنا بوریا بستر گول کرنا شروع کر دے گی، کنونسن میں بہت بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کر کے کہ عہد کیا کہ ہم پی ڈی ایم کے جلسہ میں بھرپور شرکت کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 899368

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899368/موجودہ-حکمران-کہتے-تھے-کہ-ایک-کروڑ-نوکریاں-دیں-گے-لیکن-27-لاکھ-لوگ-بے-روزگار-کر-دیے-یوسف-رضا-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org