QR CodeQR Code

محمد جواد ظریف کیساتھ گیئر پیڈرسن کی ملاقات؛ کرونا کے دوران شامی عوام سے پابندیاں اٹھانے پر تاکید

22 Nov 2020 23:59

تہران میں شام کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ گذشتہ چند سالوں کے دوران شامی بحران کے خاتمے کے چند ایک اچھے مواقع میسر آئے تھے تاہم ہر مرتبہ بعض ممالک کیجانب سے موقع ضائع کر دینے کی کوششوں کیساتھ روبرو ہونا پڑا۔


اسلام ٹائمز۔ شام کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے گیئر پیڈرسن نے گذشتہ روز تہران میں ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ میں ہونے والی اس ملاقات میں شامی بحران کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اس ملاقات کے دوران شامی بحران کے سیاسی راہِ حل میں بعض ممالک کی جانب سے روڑے اٹکائے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چند سالوں کے دوران شامی بحران کے خاتمے کے چند ایک اچھے مواقع میسر آئے تھے تاہم ہر مرتبہ بعض ممالک کی جانب سے موقع ضائع کر دینے کی کوششوں کے ساتھ روبرو ہونا پڑا۔ محمد جواد ظریف نے اپنی گفتگو کے دوران شامی عوام سے، خصوصا کرونا وائرس کے دوران پابندیوں کے اٹھا لئے جانے پر تاکید کی۔

دوسری طرف شام کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے شامی آئین ساز کمیٹی کے اگلے اجلاس کے انعقاد کی تاریخ سے ایرانی وزیر خارجہ کو مطلع کیا اور شامی بحران کے خاتمے کے لئے گذشتہ 10 سالوں سے اقوام متحدہ کے ساتھ ایران کے وسیع تعاون کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس عمل میں ایران کی اہمیت پر زور دیا۔ قبل ازیں گیئر پیڈرسن نے ایرانی نائب وزیر خارجہ علی اصغر خاجی کے ساتھ بھی ملاقات اور گفتگو کی۔ اس ملاقات میں ماسکو سے سیدھے ایران پہنچنے والے گیئر پیڈرسن نے شامی آئین ساز کمیٹی کے ساتھ ہونے والی سفارتکاری اور اس کمیٹی کے آئندہ منعقد ہونے والے اجلاس کی تاریخ سے علی اصغر خاجی کو مطلع کیا اور شامی بحران کے سیاسی حل کے لئے ایرانی کوششوں کو سراہا۔


خبر کا کوڈ: 899370

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899370/محمد-جواد-ظریف-کیساتھ-گیئر-پیڈرسن-کی-ملاقات-کرونا-کے-دوران-شامی-عوام-سے-پابندیاں-اٹھانے-پر-تاکید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org