0
Monday 23 Nov 2020 16:04

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا سعودی عرب کا دورہ، محمد بن سلمان سے ملاقات

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا سعودی عرب کا دورہ، محمد بن سلمان سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ایک خفیہ ملاقات کے لئے سعودی عرب کا دورہ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی نے اپنی رپورٹ میں اس ملاقات کو سینیئر اسرائیلی اور سعودی عہدیداروں کے درمیان پہلا آمنا سامنا قرار دیا۔ عبرانی زبان کے ذرائع ابلاغ نے ایک نامعلوم اسرائیلی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ یوسی کوہن کے ہمراہ اتوار کے روز سعودی شہر نیوم کے لئے روانہ ہوئے، جہاں انہوں نے محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جہاں ولی عہد امریکا کے سکرٹری خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کے لئے وہاں موجود تھے۔ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 ڈاٹ کام کے ڈیٹا کے مطابق تل ابیب کے قریب بین گوریئن بین الاقوامی ایئرپورٹ سے گلف اسٹریم IV نجی جیٹ طیارے نے 5 بجکر 40 منٹ جی ایم ٹی پرواز بھری۔

ڈیٹا کے مطابق یہ پرواز جزیرہ نما سینا کے مشرقی کنارے سے ہوتے ہوئے جنوب کی طرف سعودی شہر نیوم میں 6 بج کر 30 منٹ پر اتری۔ طیارے نے 9 بج کر 50 منٹ پر نیوم سے واپس اڑان بھری اور اسی راستے کو اپناتے ہوئے تل ابیب پہنچی۔ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے اس بارے میں رائے طلب کرنے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔ مائیک پومپیو نے مشرق وسطیٰ کے سفر کے دوران ایک امریکی پریس کے وفد کے ساتھ سفر کیا، تاہم جب وہ ولی عہد سے ملاقات کے لئے گئے تو وفد کو نیوم ایئرپورٹ پر ہی چھوڑ دیا تھا۔ جہاں بحرین، سوڈان اور متحدہ عرب امارات نے ٹرمپ انتظامیہ کے تحت اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لئے معاہدے کئے ہیں، وہیں سعودی عرب نے اس بارے میں بات کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 899476
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش