QR CodeQR Code

باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، 2 دہشتگرد کمانڈر ہلاک

23 Nov 2020 20:43

دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، گولے، آئی ای ڈیز اور بارودی سرنگ برآمد کئے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے دو کمانڈرز جاں بحق ہوگئے، کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے کئی دہشت گردوں کو گرفتار بھی کرلیا۔ حساس اداروں کی اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں کارروائی کی۔ ذرائع کے مطابق انٹلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے دو اہم کمانڈرز ہلاک اور کئی مطلوب دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے۔ آپریشن کے دوران کمانڈر زبیر اور عزیز الرحمان عرف فدا ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے رات گئے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے پر ان کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن شروع کیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کا ایک آفیسر بھی دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے مقابلے میں زخمی ہوا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، گولے، آئی ای ڈیز اور بارودی سرنگ برآمد کئے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ باجوڑ میں گذشتہ دنوں بھی سکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے اہم رکن خلیل عرف یاسین کو ہلاک کیا تھا اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو تیز کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق آپریشن میں ہلاک شدہ کمانڈر زبیر متعدد دہشتگردی کے واقعات میں سکیورٹی فورسز کو مطلوب تھا، جبکہ آپریشن کے دوران مارے جانے والے دوسرا دہشت گرد فدا کراچی سے حال ہی میں گرفتاری سے بچنے کیلئے باجوڑ میں روپوش تھا۔ کارروائی کے بعد سکیورٹی فورسز نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔


خبر کا کوڈ: 899524

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899524/باجوڑ-میں-سکیورٹی-فورسز-کی-کامیاب-کارروائی-2-دہشتگرد-کمانڈر-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org