QR CodeQR Code

شام کیلئے اپنی عملی حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے، صبری بوقادم

23 Nov 2020 22:05

الجزائر کے وزیر خارجہ نے شامی سفیر سے ملاقات کے دوران شام کے اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت کیجانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے الجزائر کا دوٹوک اور اصولی موقف یہ ہے کہ صرف شامی عوام ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنیکا حق رکھتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ الجزائر کے وزیر خارجہ صبری بوقادم نے شامی سفیر کے ساتھ ملاقات میں مرحوم شامی وزیر خارجہ ولید المعلم کی وفات پر تعزیت پیش کی اور شام کے لئے اپنے ملک کے عملی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ عرب نیوز چینل المیادین کے مطابق الجزائر کے وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں کہا ہے کہ ولید المعلم جیسے تجربہ کار اور عظیم سفارتکار کا کھو دینا صرف شام کے لئے ہی نہیں بلکہ پوری عرب دنیا اور عرب سفارتکاری کے لئے ایک بڑا نقصان ہے۔ صبری بوقادم نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ الجزائر انتہائی سخت حالات میں بھی شام کے شانہ بشانہ رہا ہے اور نہ صرف زبانی اعتبار سے بلکہ عملی طور پر بھی ہمیشہ شام کی حمایت کرتا رہے گا۔

الجزائر کے وزیر خارجہ نے شامی سفیر سے ملاقات کے دوران شام کے اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے الجزائر کا دوٹوک اور اصولی موقف یہ ہے کہ صرف شامی عوام ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ صبری بوقادم نے چند روز قبل ہی تمام عرب ممالک سے یہ مطالبہ کرتے ہوئے کہ وہ عرب لیگ میں شام کی واپسی کے لئے زمینہ فراہم کریں، کہا تھا کہ عرب لیگ میں شام کی غیر موجودگی "عرب لیگ اور تمام عرب ممالک کے لئے شدید نقصان" کا باعث ہے۔ یاد رہے کہ شام کے سابق وزیر خارجہ ولید المعلم گذشتہ ہفتے سوموار کے روز 79 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے جس کے بعد گذشتہ روز فیصل المقداد کو ان کی جگہ ملک کا وزیر خارجہ اور بشار الجعفری کو نائب وزیر خارجہ مقرر کر دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 899537

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899537/شام-کیلئے-اپنی-عملی-حمایت-ہمیشہ-جاری-رکھیں-گے-صبری-بوقادم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org