QR CodeQR Code

روسی صدر کا جوبائیڈن کو امریکی صدر تسلیم کرنے سے انکار

23 Nov 2020 23:01

ولادی میر پیوٹن نے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ امریکی عوام کے اعتماد کے حامل ہر لیڈر کیساتھ کام کرنے کو تیار ہیں، تاہم نومنتخب امریکی صدر کو اسوقت ہی تسلیم کیا جا سکتا ہے، جب انکی مخالف جماعت بھی انتخابی نتائج تسلیم کرے۔


اسلام ٹائمز۔ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے جوبائیڈن کو صدر تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال وہ امریکی صدارتی انتخاب کے نتائج کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے وائس آف امریکا کے مطابق روسی صدر نے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ امریکی عوام کے اعتماد کے حامل ہر لیڈر کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں تاہم نومنتخب امریکی صدر کو اس وقت ہی تسلیم کیا جا سکتا ہے، جب ان کی مخالف جماعت بھی انتخابی نتائج تسلیم کرے۔ صدر ولادیمیر پوٹن نے مزید کہا کہ ابھی امریکی صدارتی انتخاب میں نتائج کی قانونی طریقے سے تصدیق ہونا باقی ہے، اس لیے میرے نزدیک جوبائیڈن کی فتح کو تسلیم کرنا قبل ازوقت ہوگا۔

جوبائیڈن کو فتح کی مبارکباد نہ دینے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں خرابی کے خدشے سے متعلق سوال پر روسی صدر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ پہلے سے ہی تباہ حال تعلقات میں اب مزید کیا خراب ہوگا۔ یاد رہے کہ 2016ء کے صدارتی الیکشن میں صدر ٹرمپ کی فتح کے لیے روسی مداخلت کا الزام سامنے آیا تھا، جس پر چند روسی کاروباری افراد اور حکومتی حکام پر مقدمہ بھی چلا تھا اور کچھ کو امریکا بدر بھی کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے تحت ڈیموکریٹک پارٹی کے جو بائیڈن نے فتح حاصل کرلی ہے، تاہم روسی صدر نے تاحال انہیں مبارک باد پیش نہیں کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 899550

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899550/روسی-صدر-کا-جوبائیڈن-کو-امریکی-تسلیم-کرنے-سے-انکار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org