QR CodeQR Code

نیتن یاہو کا دورۂ ریاض فلسطینی قوم کے حقوق کا ضیاع اور امتِ مسلمہ کی توہین ہے، حماس

23 Nov 2020 22:58

عرب نیوز چینل الجزیرہ کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے حماس کے ترجمان سامی ابوزہری نے اس گھناؤنے اقدام پر سعودی شاہی رژیم سے توضیح طلب کی اور زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی شاہی رژیم کی دعوت پر بنجمن نیتن یاہو کا دورۂ ریاض نہ صرف مظلوم فلسطینی قوم کے حقوق کا ضیاع ہے بلکہ پوری امتِ مسلمہ کی توہین بھی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے غاصب صیہونی وزیراعظم کی جانب سے سعودی شاہی رژیم کی دعوت پر دارالحکومت ریاض کا دورۂ کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ عرب نیوز چینل الجزیرہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے حماس کے ترجمان سامی ابوزہری نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے ریاض کا دورہ کیا جانا، اگر درست ہے تو انتہائی خطرناک ہے!! حماس کے ترجمان نے اپنی گفتگو میں اس گھناؤنے اقدام پر سعودی شاہی رژیم سے توضیح طلب کی اور زور دیتے ہوئے کہا کہ سعودی شاہی رژیم کی دعوت پر بنجمن نیتن یاہو کا دورۂ ریاض نہ صرف مظلوم فلسطینی قوم کے حقوق کا ضیاع ہے بلکہ پوری امتِ مسلمہ کی توہین بھی ہے۔

دوسری طرف غاصب صیہونی فوج کے ساتھ منسلک ریڈیو "کان" نے خبر دی ہے کہ بنجمن نیتن یاہو نے گذشتہ شب سعودی عرب کے اپنے خفیہ دورے کے دوران سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ اس دورے پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو اور صیہونی جاسوس تنظیم "موساد" کا چیف یوسی کوہن بھی موجود تھا۔ عالمی ایئر نیویگیشن ویب سائٹس کے مطابق بنجمن نیتن یاہو اور یوسی کوہن 5 گھنٹے حجاز کی سرزمین پر موجود رہے اور پھر صیہونی وزیر اعظم اور امریکی وزیر خارجہ کے زیراستعمال "یوڈی اینجل" کا خصوصی طیارہ وہاں سے پرواز کرتے ہوئے مقبوضہ فلسطین پلٹ گیا۔ غاصب صیہونی رژیم نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کے تبصرے سے انکار کر دیا ہے اور اس حوالے سے اسرائیل کا کوئی سرکاری بیان تاحال جاری نہیں ہوا۔

عبری ای مجلے "واللا" کے مطابق بنجمن نیتن یاہو اور محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی یہ ملاقات حال ہی میں تعمیر کئے گئے نئے سعودی شہر "نئوم" (Neom) میں انجام پائی ہے جہاں سعودی عرب کی جانب سے جی-20 ممالک کے درمیان ویڈیو کانفرنس بھی منعقد کی جا رہی ہے۔ عبری ای مجلے کے مطابق بنجمن نیتن یاہو اور یوسی کوہن نے اپنے اس دورے کو خفیہ رکھنے کی خاطر اپنے جہاز پر سفر کرنے کے بجائے سعودی عرب میں منعقد ہونے والی متعدد تجارتی کانفرنسز میں آئے روز شرکت کرنے والے معروف یہودی تاجر یوڈی اینجل (Yudi Enge) کا خصوصی جہاز استعمال کیا ہے۔ یاد رہے کہ بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے محمد بن سلمان کے ساتھ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں انجام پائی ہے جب دو روز قبل ہی سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خیرمقد کرتے ہوئے کہہ دیا تھا کہ ریاض ہمیشہ سے تل ابیب کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کی حمایت کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 899675

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899675/نیتن-یاہو-کا-دورہ-ریاض-فلسطینی-قوم-کے-حقوق-ضیاع-اور-امت-مسلمہ-کی-توہین-ہے-حماس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org