QR CodeQR Code

افغانستان کا فوجی حل ناکام ہو چکا، بیرونی فورسز کے انخلاء سے امن و استحکام آئیگا، جواد ظریف

24 Nov 2020 17:58

2020ء افغانستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے تاکید کی ہے کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ افغان امن مذاکرات میں خود بنیادی کردار ادا کرے جبکہ اس صورت میں ایران کیجانب سے ہر ممکن تعاون پیش کیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے افغانستان کے حوالے سے منعقد ہونے والی جنیوا کانفرنس کے دوسرے روز، 2020ء افغانستان کانفرنس کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا فوجی راہِ حل شکست سے دوچار ہو چکا ہے جبکہ وہاں سے بیرونی افواج کا ذمہ دارانہ انخلاء افغانستان میں امن و امان کے قیام اور اس کے استحکام میں ایک مثبت قدم ہو گا۔ محمد جواد ظریف نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دنیا کو چاہئے کہ وہ افغان عوام کی مشکلات کو باقی تمام مسائل پر ترجیح دے، کہا کہ اگر افغان شہری اپنی حفاظت میں مشکلات کا شکار ہوں تو اس ملک میں دیرپا امن و امان قائم نہیں کیا جا سکتا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں تاکید کی کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ افغان امن مذاکرات میں خود بنیادی کردار ادا کرے جبکہ اس صورت میں ایران کی طرف سے ہر ممکن تعاون پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ منعقد کی جانے والی 2020ء افغانستان کانفرنس (2020 Afghanistan Conference) میں افغانستان کو آئندہ 4 سالوں کے دوران مالی و سیاسی حمایت پہنچانے والے ممالک کی ذمہ داریاں متعین کر دی جائیں گی جبکہ مدد کرنے والے ممالک اگلے 1 سال کے لئے اپنی امداد کی مقدار کا بھی اعلان کریں گے۔ یاد رہے کہ یہ کانفرنس افغانستان اور فنلینڈ کے وزرائے خارجہ کی سربراہی میں منعقد کی جا رہی ہے جبکہ اس میں افغان وزیر خزانہ خصوصی طور پر شریک ہیں۔


خبر کا کوڈ: 899707

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899707/افغانستان-کا-فوجی-حل-ناکام-ہو-چکا-بیرونی-فورسز-کے-انخلاء-سے-امن-استحکام-آئیگا-جواد-ظریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org