QR CodeQR Code

کورونا کیوجہ سے اگلے سال کا حج مہنگا ہوگا، مختار عباس نقوی

24 Nov 2020 20:32

بھارتی وزیر نے کہا کہ ہمارا سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے ساتھ ماہ دسمبر میں دو طرفہ معاہدہ طے ہونے والا ہے جس میں دیکھا جائے گا کہ ہمیں کتنا کوٹا مل سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ کورونا وباء کی وجہ سے اگلے سال یعنی 2021ء کے حج کے اخراجات مہنگے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے یہ حج ایک الگ صورتحال میں انجام پذیر ہوگا۔ بھارتی وزیر نے ان باتوں کا اظہار یو این آئی کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2021ء کا حج جو ہوگا وہ کورونا کی وجہ سے الگ ہی صورتحال میں ہوگا، اس صورتحال میں حج کے اخراجات میں اضافہ ہوگا، جس سے حج کے خرچہ جات بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حج چونکہ سعودی عرب میں ہوتا ہے وہاں کی حکومت کے پروٹوکال کے مطابق جس کمرے میں آٹھ نو لوگ رہتے تھے اس میں اب صرف دو یا تین ہی لوگ رہ سکتے ہیں اور جس گاڑی میں 45 حاجی سفر کرتے تھے اس میں زیادہ سے زیادہ بیس حاجی سفر کر سکتے ہیں اور اس کے علاوہ بھی دیگر اخراجات بڑھیں گے۔

مختار نقوی نے کہا کہ عازمین حج کا سفر پر روانہ ہونے سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس سے قبل کورونا ختم ہوا ہوگا۔ بھارتی وزیر نے کہا کہ ہمارا سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے ساتھ ماہ دسمبر میں دو طرفہ معاہدہ طے ہونے والا ہے جس میں دیکھا جائے گا کہ ہمیں کتنا کوٹا مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر حاجیوں کی عمر کی حد کو بھی 18 سے 65 برس تک محدود کر دیا گیا ہے۔مختار نقوی نے کہا کہ محرم کے بغیر حج کرنے والی خواتین امسال بھی درخواست جمع کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے پیش نظر سعودی عرج جانے کے لئے پروازوں کے ایمبارکیشن پوائنٹس کو 21 سے گھٹا کر 10 کر دیا ہے تاہم ان دس پوائنٹس میں سرینگر شامل ہے۔


خبر کا کوڈ: 899715

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899715/کورونا-کیوجہ-سے-اگلے-سال-کا-حج-مہنگا-ہوگا-مختار-عباس-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org