0
Tuesday 24 Nov 2020 22:45

پشاور، بابائے پشتو صحافت پیر سید سفید شاہ ہمدرد انتقال کرگئے

پشاور، بابائے پشتو صحافت پیر سید سفید شاہ ہمدرد انتقال کرگئے
اسلام ٹائمز۔ ملک کے بزرگ ترین صحافی، بابائے صحافت پیر سید سفید شاہ ہمدرد طویل علالت کے باعث اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی نماز جنازہ کل 25 نومبر 2020 بوقت ۱۱ بجے ان کی رہائش گاہ وحدت ہاؤس کینال شامی روڈ نزد عالم باغ ورسک روڈ پشاور میں ادا کی جائیگی۔ پیر سید سفید شاہ ایک عرصہ سے صاحب فراش تھے جبکہ گزشتہ تین ہفتوں سے مقامی ہسپتال میں زیر علاج رہے، جہاں منگل کی صبح ان کی روح قفس عنصری سے پرواز کر گئی۔ پیر سفید شاہ نے ایک بھرپور صحافتی زندگی گزاری بالخصوص پشتو صحافت کے حوالے سے انہیں اکیڈیمی کی حیثیت حاصل تھی۔ ان کی زیرادارت شائع ہونے والے روزنامہ وحدت میں زیر تربیت رہنے والے صحافی آج ملک کے بڑے بڑے قومی اخبارات و جرائد اور الیکٹرانک میڈیاز میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

پیر سفید شاہ ہمدرد کا شمار پاکستان کے بزرگ ترین صحافیوں میں ہوتا ہے، ان کی صحافتی خدمات کا دائرہ کم از کم 70 سال پر محیط ہے۔ 1970 کی دہائی میں انہوں نے پشتو روزنامہ وحدت کا اجراء کیا۔ پشتو کے ادبی حلقوں میں مرحوم کا انہی خدمات پر ہر سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔ مرحوم کو ان کی بیش بہا اور گرانقدر صحافتی خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی اور تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا جبکہ کئی ادبی اور صحافتی تنظیموں کی جانب سے انہیں مختلف ایوارڈز دیئے گئے۔ اے پی این ایس اور سی پی این ای انہیں لائف اچیومنٹ ایوارڈ دے چکی ہے۔ عالمی پشتو کانفرنس نے پیر سفید شاہ کو بابائے پشتو صحافت کے منفرد اعزاز سے نوازا تھا۔ 
خبر کا کوڈ : 899755
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش