QR CodeQR Code

کورونا کی دوسری لہر، پشاور کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

24 Nov 2020 23:29

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں صرف ضروری اشیائے خورد و نوش، میڈیسن، جنرل اسٹور، تندور اور ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی، ان علاقوں کی مساجد میں صرف 5 افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہو گی۔


اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے خدشات کے پیش نظر پشاور کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن  نافذ کردیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس پھیلاؤ خدشات کے پیش نظر پشاور کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ جس کے مطابق حیات آباد فیز 3، اسامہ میاں اسٹریٹ پشاور یونیورسٹی، پروفیسر کالونی ایگری کلچر یونیورسٹی، نیو شامی روڈ فیز 2، اسٹریٹ 9 حیات آباد، شالیمار کالونی ورسک روڈ، ایگزیکٹیو لوجز ورسک روڈ، حیات آباد فیز 5 اسٹریٹ 9، نیو شامی روڈ اسٹریٹ 12 اور ناصر باغ عسکری 6 اسٹریٹ ایک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے جو مزید احکامات تک جاری رہے گا، جس کے تحت اسمارٹ لاک ڈاﺅن کے دوران ان علاقوں سے آمد و رفت بند رہے گی۔

انتظامیہ کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاﺅن کا فیصلہ ان علاقوں میں محکمہ صحت کے ماہرین کی ہدایات پر کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے نتیجے میں کیا گیا، جس کا مقصد کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ ان علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کی وجہ سے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں صرف ضروری اشیائے خورد و نوش، میڈیسن، جنرل اسٹور، تندور اور ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی، ان علاقوں کی مساجد میں صرف 5 افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہو گی اور علاقہ مجسٹریٹ اور پولیس کو اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جب کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 899760

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899760/کورونا-کی-دوسری-لہر-پشاور-کے-مختلف-علاقوں-میں-اسمارٹ-لاک-ڈاؤن-نافذ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org