0
Tuesday 24 Nov 2020 23:36

پراونشل سروسز اکیڈیمی پشاور میں جونیئر کمانڈ کورس کے اختتام پر تقریب

پراونشل سروسز اکیڈیمی پشاور میں جونیئر کمانڈ کورس کے اختتام پر تقریب
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے تربیت مکمل کرنے والے جونیئر کمانڈ کورس کے افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ تربیت کے دوران حاصل کردہ علم اور تجربے کو عملی میدان میں بروئے کار لاکر لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔ یہ بات انہوں نے آج پاکستان پراونشل سروسز اکیڈیمی پشاور میں چار مہینے کے جونیئر کمانڈ کورس کے چھٹے بیچ کے افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈی آئی جی ٹریننگ امتیاز شاہ، اے آئی جی اسٹبلشمنٹ ظہور بابر آفریدی اور پرسنل سٹاف آفیسر برائے آئی جی پی صمد خان بھی اس موقع پر بھی موجود تھے۔ تقریب کا آغاز باقاعدہ تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ چیف انسٹرکٹر محمد تاج حمید نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کورس کے اغراض و مقاصد اور اکیڈیمی کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ واضح رہے کہ جونیئر کمانڈکورس پولیس فورس میں ڈی ایس پی رینک سے ایس پی رینک میں ترقی پانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

پولیس سربراہ ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی سے تربیت مکمل کرنے والوں کا اصل امتحان اب شروع ہو رہا ہے، آپ فیلڈ میں جا کر حاصل کردہ علوم کو عوام کی بہتر خدمت کے لئے بھرپور طریقے سے استعمال میں لائیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ علم پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کرکے عزت حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ایسی قباحتوں اور چیزوں سے دور رہیں جو ان کی اخلاقی قدروں اور مقدس پیشے پر سوالیہ نشان بنتی ہوں اور تشخیصی نقطہ نظر اپناکر باقاعدہ منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے ساتھ مثبت رویہ اپناکر جرائم کے سدباب کو یقینی بنائیں۔ شرکاء کو مزید ہدایت کی گئی کہ وہ قدم قدم پر لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں جس سے اُن کو مقررہ پیشہ ورانہ اہداف کے حصول میں خود بخود آسانی پیدا ہوگی۔ 
خبر کا کوڈ : 899761
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش