QR CodeQR Code

پی ٹی وی ریاست کے ماتحت چلنے والا ادارہ ہے اور یہ صرف حکومتی مؤقف پیش کرے گا، نعیم بخاری

25 Nov 2020 11:15

پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں پی ٹی وی کو برٹش براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی طرز پر تبدیل کرنے کا کہا گیا تھا۔ نعیم بخاری کو سرکاری نشریاتی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی بطور چیئرمین سربراہی کرنے کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان ٹیلی ویژن کے نئے مقرر کردہ چیئرمین نعیم بخاری نے پی ٹی وی پر حزب اختلاف (اپوزیشن) کے بلیک آؤٹ کا اشارہ دے دیا۔ جب ایک رپوٹر نے سپریم کورٹ کی عمارت کے باہر نئے چیئرمین سے سوال کیا کہ کیا اپوزیشن کو پی ٹی وی پر برابر ایئر ٹائم دیا جائے گا تو نعیم بخاری نے کہا کہ ہر گز نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی وی ریاست کے ماتحت چلنے والا ادارہ ہے اور یہ صرف حکومتی مؤقف پیش کرے گا۔ اس پر رپوٹر نے سوال کیا 'صرف حکومت'؟ جس پر نعیم بخاری نے جواب دیا 'جی صرف حکومت'۔واضح رہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے پیر کو نعیم بخاری کے بطور چیئرمین پی ٹی وی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، نعیم بخاری ٹیلی ویژن پر پروگرامز کرنے کے حوالے سے وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق دور حکومت میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اصرار کیا گیا تھا کہ پی ٹی وی پر اپوزیشن کو برابر نشریاتی وقت دیا جائے یہاں تک کہ پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس بھی کرنے دی جائے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں پی ٹی وی کو برٹش براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) کی طرز پر تبدیل کرنے کا کہا گیا تھا۔ خیال رہے نامور وکیل نعیم بخاری کو سرکاری نشریاتی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی بطور چیئرمین سربراہی کرنے کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔ اطلاعات تھی کہ ان کا تقرر بظاہر جلد بازی میں کیا گیا کیونکہ وفاقی کابینہ نے گزشتہ ہفتے اپنے اجلاس میں ان کے تقرر کے لیے ایک سمری پر غور کیا تھا لیکن انہوں نے ان کی پی ٹی وی چیئرمین کی حیثیت سے شمولیت کی توثیق نہیں کی تھی۔ واضح رہے کابینہ نے وزارت اطلاعات کو ہدایت کی تھی کہ مندرجہ ذیل مشاہدات کے مطابق سمری دوبارہ پیش کریں: 1) بورڈ کی تشکیل پچھلے بورڈ کی طرز پر ہوگی جہاں آزاد ڈائریکٹر / نجی شعبے کے ممبر اکثریت میں تھے، 2) ارشد خان اور پی ٹی وی کے دیگر ڈائریکٹرز کو برطرف کرنے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف اپیل کی بھرپور طریقے سے پیروی کی جاسکتی ہے اور جہاں ممکن ہو پچھلے بورڈ سے آزاد ڈائریکٹرز/نجی شعبے کے اراکین کو نئے بورڈ میں دوبارہ شامل کیا جائے گا اور 3) شہزادہ نعیم بخاری کو بورڈ میں شامل کیا جائے اور چیئرمین نامزد کیا جائے۔

بعد ازاں وزارت اطلاعات نے پی ٹی وی کے تین آزاد ڈائریکٹرز کے تقرر کے لیے سمری پیش کی تھی جس میں نعیم بخاری، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سید وسیم رضا اور ممتاز مصنف اصغر ندیم سید کو اصولی امیدوار نامزد کرنے کی سفارش کی گئی تھی، نعیم بخاری اور اصغر ندیم سید کی عمر 65 برس سے زیادہ ہے اور اسی وجہ سے اس وزارت نے ان کی عمر کے بارے میں وفاقی کابینہ سے نرمی طلب کی تھی۔ تاہم ڈائریکٹرز اور پی ٹی وی کے چیئرمین کے تقرر کے لیے سمری دوبارہ جاری کرنے سے متعلق کابینہ کے مشاہدات کے برخلاف وزارت اطلاعات نے پیر کو بذات خود نعیم بخاری کی بطور چیئرمین نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 899824

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/899824/پی-ٹی-وی-ریاست-کے-ماتحت-چلنے-والا-ادارہ-ہے-اور-یہ-صرف-حکومتی-مو-قف-پیش-کرے-گا-نعیم-بخاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org