0
Wednesday 25 Nov 2020 19:46

انٹر نیٹ کی عدم موجودگی، خیبر پختونخوا حکومت کا نجی اور سرکاری اسکول ہفتے میں ایک دن کھولنے کا فیصلہ

انٹر نیٹ کی عدم موجودگی، خیبر پختونخوا حکومت کا نجی اور سرکاری اسکول ہفتے میں ایک دن کھولنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام تراکئی کا کہنا ہے کہ صوبے کے جن اسکولوں اور علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں ہے وہاں ایک کلاس کے بچوں کو ہفتے میں صرف ایک دن اسکول بلایا جاسکتا ہے۔ پشاور میں اسکولوں کی بندش کے حوالے سے کی جانے والی پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا وفاق کی جانب سے صوبوں کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے میں موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے کچھ تبدیلیاں کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا سردیوں کی چھٹیاں 24 دسمبر سے 10 جنوری تک ہی ہوں گی اور 26 نومبر سے 23 دسمبر تک 'ہوم لرننگ' یعنی گھر سے پڑھائی کی جائے گی جیسا کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ پلان کیا ہے کہ ہر کلاس کو ہفتے میں ایک دن اسکول بلایا جائے گا اس طرح ہر بچہ ہفتے میں صرف ایک دن اسکول آئے گا، اس ایک دن بچوں کو ہوم ورک دیا جائے گا اور جو پچھلا ہوم ورک ہوگا وہ چیک کیا جائے گا اور اگر بچوں کو کوئی مسئلہ درپیش ہوگا تو وہ اسی دن اساتذہ سے پوچھ سکیں گے، جس کے بعد انہیں گھر واپس بھیج دیا جائے گا اور پھر وہ پورے ہفتے پڑھائی کریں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ بچوں اور اساتذہ کی صحت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، اسی کو سامنے رکھتے ہوئے ہی یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ساڑھے 35 ہزار اسکول ہیں جن میں تقریباً ساڑھے 46 لاکھ بچے پڑھتے ہیں، ان میں زیادہ تر بچوں کے پاس آن لائن پڑھائی کی سہولت موجود نہیں ہے، زوم ایپلیکشن کی سہولت موجود نہیں ہے لہٰذا انہیں ہفتے میں ایک دن اسکول بلایا جاسکتا ہے، جن کے پاس آن لائن سہولت موجود ہو وہ بے شک بچوں کو نہ بلائیں۔ شہرام تراکئی نے کہا کہ ایسا اس لئے کیا جارہا ہے تاکہ اسکولوں میں رش نہ لگے اور بچوں کی تعلیم کا وقت ضائع نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا اطلاق سرکاری و نجی دونوں تعلیمی اداروں پر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد ہے لہٰذا ان فیصلوں میں وقت کے مطابق حالات کو دیکھتے ہوئے تبدیلیاں کی جاتی رہیں گی۔ امتحانات سے متعلق انہوں نے بتایا کہ بچوں کو جو ہوم ورک دیا جائے گا اس کی اسسمنٹ\چیکنگ کیلئے ایک طریقہ کار طے کیا جائے گا اور اس پر نمبرز دیئے جائیں گے جنہیں سالانہ امتحانات میں شامل کیا جائے گا، اب بچوں کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا، دسمبر میں لئے جانے والے امتحانات کو آگے کی طرف بڑھا کر جنوری کے درمیان یا اختتام تک لے جایا جائے گا۔

شہرام تراکئی نے کہا کہ وہ علاقے جہاں سردی کم ہے، دھوپ اور سازگار موسمی حالات ہیں وہاں کھلے مقام جیسے برآمدے یا کھلے صحن میں بچوں کو بٹھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی بھرتیوں کا عمل جاری رہے گا تاکہ اساتذہ کی کمی کو جلد پورا کیا جاسکے جبکہ ان کی بھرتیوں کیلئے ہونے والے ٹیسٹ کے دوران سینٹرز میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ مزید یہ کہ ہاسٹلز میں دور دراز علاقوں کے رہائش پذیر بچوں میں سے صرف 3 فیصد کو ایس او پیز کے تحت رہنے کی اجازت ہوگی۔ وزیرتعلیم نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم کے تمام اداروں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم این سی او سی کی گائیڈلائنز کے مطابق چلیں گے اور یہ تمام فیصلے حتمی نہیں ہیں، روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور ان میں تبدیلی کی جاسکتی ہے جبکہ اسکول مکمل بند کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ صورتحال کو دیکھ کر کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 899938
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش