QR CodeQR Code

جنیوا کانفرنس اختتام پذیر، افغانستان کیلئے 13 ارب ڈالر کی مشروط امداد منظور

26 Nov 2020 11:17

فنلینڈ، اقوام متحدہ اور افغانستان حکومت کیجانب سے منعقد کی جانیوالی اس کانفرنس میں کل 13 ارب ڈالر کی مشروط امداد کا اعلان کیا گیا ہے جو 4 سالوں کے دوران افغانستان کو پہنچائی جائیگی تاہم کرپشن سے مقابلہ، گڈ گورنینس، شفافیت، ترقی اور افغان امن عمل کا تسلسل اس امداد کی شرائط میں شامل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سوئزرلینڈ کے شہر جنیوا میں منعقد ہونے والی افغانستان 2020ء (Afghanistan2020) کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی ہے جبکہ اس کانفرنس میں سال 2024ء تک افغانستان کے لئے 13 ارب ڈالر کی مشروط امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ 23 و 24 نومبر کے روز ویڈیو لنک پر منعقد ہونے والی اس کانفرنس کا ایک مشترکہ بیان پر اختتام کیا گیا جس میں تاکید کی گئی ہے کہ شرکت کرنے والے ممالک نے پہلے سال کے لئے 3 ارب 30 کروڑ ڈالرز کی امداد کا وعدہ کیا ہے جبکہ توقع ہے کہ سالانہ امداد اِسی میزان پر باقی رہے گی۔ اس کانفرنس میں شرکت کرنے والے ممالک نے اپنے بیان میں تاکید کی کہ سال 2002ء کے بعد سے عالمی دوستوں کے تعاون سے افغان حکومت ہی ملکی معاشی و سیاسی ترقی کی ضامن ہے جبکہ جمہوریت اور خواتین، بچوں و اقلیت کے حقوق سمیت تمام انسانی حقوق ایسے بنیادی مسائل ہیں جن کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ان میں وسعت لانے کی بھی ضرورت ہے۔

افغانستان 2020ء کے شرکاء ممالک نے پورے ملک میں وسیع سیز فائر، جاری امن عمل کی حمایت، گذشتہ 2 دہائیوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی حفاظت اور افغان امن عمل میں خواتین کے موثر کردار پر زور دیا۔ واضح رہے کہ فن لینڈ، اقوام متحدہ اور افغانستان حکومت کی جانب سے منعقد کی جانے والی اس کانفرنس میں کل 13 ارب ڈالر کی مشروط امداد کا اعلان کیا گیا ہے جو 4 سالوں کے دوران افغانستان کو پہنچائی جائے گی تاہم کرپشن سے مقابلہ، گڈ گورنینس، شفافیت، ترقی اور افغان امن عمل کا تسلسل اس امداد کی شرائط میں شامل ہے۔ اس کانفرنس میں طے پایا ہے کہ دستخط ہونے والے معاہدات و مفاہمات اور حاصل ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لینے کی غرض سے سال 2021ء میں سربراہ اجلاس اور سال 2022ء میں وزرائے خارجہ کا اجلاس کا بلایا جائے گا۔ اس کانفرنس کے اختتام پر افغان وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود عالمی برادری کی جانب سے "بیمثال" مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور افغانستان دوست ممالک کی جانب سے امداد کے حوالے سے عائد کی جانے والی شرائط کا کھلے دل کے ساتھ استقبال کیا۔


خبر کا کوڈ: 900038

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900038/جنیوا-کانفرنس-اختتام-پذیر-افغانستان-کیلئے-13-ارب-ڈالر-کی-مشروط-امداد-منظور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org