QR CodeQR Code

کراچی میں آج سے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند

26 Nov 2020 14:08

کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کے بعد والدین کی بڑی تعداد بچوں کو اسکول بھیجنے سے گریزاں تھی لیکن اب تعلیمی ادارے بند ہونے کے اعلان پر انہیں یہ فکر بھی دامن گیر ہے کہ حصولِ تعلیم پر منفی اثرات ہوں گے۔


اسلام ٹائمز۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آنے کے ساتھ ملک بھر میں آج سے اسکول، کالج، مدارس، یونیورسٹیاں اور کوچنگ سینٹرز بند کردیئے گئے ہیں۔ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی آج سے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 10 جنوری تک بند کردیئے گئے ہیں۔ 24 دسمبر تک تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز ہوں گی، اس کے بعد 10 جنوری تک سردیوں کی چھٹیاں ہوں گی۔ ننھے طلبہ اسکولوں اور مدارس کی بندش سے کافی خوش ہیں، کہتے ہیں کہ گھر پر رہیں گے، فیملی کےساتھ خوب انجوائے کریں گے لیکن بڑے بچے تھوڑے خوش اور زیادہ پریشان ہیں، کہتے ہیں کہ آن لائن کلاسز ریگولر کلاسز کا متبادل نہیں۔

اساتذہ کا کہنا ہے کہ چھٹیوں میں ہوم لرننگ اسکول اور نصاب سے جڑے رہنے کا بہترین آپشن ہے تاہم سبھی بچے آن لائن کلاسز میں پوری توجہ نہیں دیتے، والدین کا تعاون ضروری ہے۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کے بعد والدین کی بڑی تعداد بچوں کو اسکول بھیجنے سے گریزاں تھی لیکن اب تعلیمی ادارے بند ہونے کے اعلان پر انہیں یہ فکر بھی دامن گیر ہے کہ حصولِ تعلیم پر منفی اثرات ہوں گے۔ ادھر شہرِ قائد میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ تیزی سے جاری ہے، شہریوں کی جانب سے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔ کراچی کے بیشتر شہری بغیر ماسک کے گھوم رہے ہیں، شہری سماجی فاصلے کا بھی خیال نہیں رکھ رہے۔


خبر کا کوڈ: 900088

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900088/کراچی-میں-ا-ج-سے-تمام-سرکاری-اور-نجی-تعلیمی-ادارے-بند

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org