QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ سندھ کو توہین عدالت کا نوٹس بھیجنا باعث تشویش ہے، تاج حیدر

26 Nov 2020 14:19

اپنے بیان میں پی پی پی کے سینئر رہنما نے کہا کہ توہین عدالت کے نوٹس سے تاثر پیدا ہوتا ہے کہ عدالتیں اور ان کی انا انسانیت سے دور ہیں، قابلِ احترام عدالتیں جو نظیر قائم کر رہی ہیں، ان پر منصفانہ انسانی معاشروں میں عمل نہیں کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر تاج حیدر کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ گزشتہ 12 دن سے قرنطینہ میں ہیں، انہیں توہینِ عدالت کا نوٹس بھیجنا باعثِ تشویش ہے۔ پی پی پی کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر تاج حیدر نے سید مراد علی شاہ کو توہین عدالت کے بھیجے گئے نوٹس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے توہین عدالت کے نوٹس سے تاثر پیدا ہوتا ہے کہ عدالتیں اور ان کی انا انسانیت سے دور ہیں۔ تاج حیدر نے کہا کہ قابلِ احترام عدالتیں جو نظیر قائم کر رہی ہیں، ان پر منصفانہ انسانی معاشروں میں عمل نہیں کیا جائے گا۔ اپنے بیان میں تاج حیدر نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ عدالت سے اپیل ہے کہ وہ اپنے جاری کردہ توہینِ عدالت کے نوٹس پر نظرِ ثانی کرے۔

تاج حیدر کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے متاثر وزیراعلیٰ سندھ کا حق ہے کہ وہ اپنی سرکاری ذمہ داریاں شروع کرنے سے پہلے روبہ صحت ہوجائیں۔ واضح رہے کہ ریلوےخسارہ از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق کیس کی سماعت 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کردی گئی ہے اور اس دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ 2 ہفتوں میں توہین عدالت نوٹس کا جواب جمع کروائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 900092

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900092/وزیراعلی-سندھ-کو-توہین-عدالت-کا-نوٹس-بھیجنا-باعث-تشویش-ہے-تاج-حیدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org