QR CodeQR Code

یمن، مأرب میں پیشقدمی جاری، جارح سعودی اتحاد کا چھٹا بریگیڈ بھی انصاراللہ کیساتھ آ ملا

26 Nov 2020 19:08

عرب ای مجلے الخبر الیمنی کیمطابق گذشتہ روز جارح سعودی فوجی اتحاد کے چھٹے بریگیڈ نے انصاراللہ یمن کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا ہے جو صوبہ مأرب کے سرحدی علاقوں میں تعینات تھا اور اُسے انصاراللہ فورسز کی تیز پیشقدمی روکنے کیلئے علاقے میں تعینات ہونے پر مجبور کیا جا رہا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ یمن کے مرکزی صوبے مأرب میں مسلح افواج و عوامی مزاحمتی فورسز کی پیشقدمی جاری ہے جبکہ جارح سعودی فوجی اتحاد کے بریگیڈ نمبر 6 نے مستعفی یمنی حکومت سے بغاوت کرتے ہوئے انصاراللہ یمن کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ عربی ای مجلے "الخبر الیمنی" کے مطابق گذشتہ روز جارح سعودی فوجی اتحاد کے چھٹے بریگیڈ نے انصاراللہ یمن کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا جو صوبہ مأرب کے سرحدی علاقوں میں تعینات تھا اور اُسے انصاراللہ فورسز کی تیز پیشقدمی روکنے کے لئے علاقے میں تعینات ہونے پر مجبور کیا جا رہا تھا۔

اس حوالے سے آگاہ ذرائع کا کہنا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کا چھٹا بریگیڈ مستعفی یمنی صدر منصور ہادی کی کمان میں لڑ رہا تھا اور اسی کے حکم پر اسے صوبہ مأرب میں صنعاء کی تیز پیشقدمی کو روکنے کے لئے تعینات کیا گیا تھا جبکہ اس بریگیڈ نے سابق یمنی صدر کا حکم ماننے سے انکار کرتے ہوئے صنعاء کے ساتھ رابطہ برقرار کیا اور انصارللہ یمن کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مستعفی یمنی حکومت نے اپنے چھٹے بریگیڈ کو انصاراللہ فورسز کے مقابلے پر مجبور کرنے کی خاطر اس کے بحٹ اور تنخواہوں سمیت اس کی ہر قسم کی مالی اعانت روک رکھی تھی۔

دوسری طرف انصاراللہ کی صنعاء حکومت گذشتہ کئی ہفتوں سے جارح سعودی فوجی اتحاد سے علیحدہ ہونے والے یمنی فوجیوں کے استقبال میں مصروف ہے جو اپنے اعلی کمانڈرز کے ترکی یا شبوہ اور حضرموت جیسے صوبوں کی جانب فرار کر جانے کے باعث جوق در جوق انصاراللہ یمن کے ساتھ آ کر مل رہے ہیں۔ واضح رہے کہ صنعاء کی حکومت نے جارح سعودی فوجی اتحاد اور مستعفی یمنی حکومت کے ساتھ وابستہ ان یمنی فوجیوں کی واپسی کا رَستہ کھلا رکھا ہوا ہے جبکہ اس مقصد کے لئے انصاراللہ یمن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ دشمن کے ساتھ مل کر لڑنے والے ہم وطنوں میں سے پشیمان ہو جانے والے افراد جو صنعاء حکومت کی جانب واپسی کا ارادہ رکھتے ہوں، ملکی ٹیلیفون نیٹورک پر "176" ڈائل کریں جس کے بعد ان کے لئے واپسی کا رستہ ہموار کر دیا جائے گا۔

کہا جا رہا ہے کہ جاری ماہ کے دوران انصاراللہ فورسز کی تیز پیشقدمی اور جارح سعودی فوجی اتحاد کو ملنے والی یکے بعد دیگرے متعدد شکستوں کے بعد سابق و مستعفی یمنی حکومت اور جارح سعودی فوجی اتحاد کے ساتھ مل جانے والے متعدد یمنی کمانڈر اپنی یونٹوں، بٹالینز و بریگیڈز سمیت صنعاء کے ساتھ آ آ کر مل رہے ہیں جبکہ یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صوبہ مأرب، جو اس وقت آزادی کی دہلیز پر ہے، کی انصاراللہ یمن کے ہاتھوں فتح، اس معرکے کا پانسہ پلٹ کر رکھ دے گی جس کے بعد اکثر یمنی فوجی دارالحکومت صنعاء کے ساتھ آ ملیں گے۔


خبر کا کوڈ: 900138

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900138/یمن-ما-رب-میں-پیشقدمی-جاری-جارح-سعودی-اتحاد-کا-چھٹا-بریگیڈ-بھی-انصاراللہ-کیساتھ-آ-ملا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org