0
Thursday 26 Nov 2020 19:34

قومی سلامتی کے اداروں نے قربانیاں دیکر پاکستان کو محفوظ بنا رکھا ہے، طاہر اشرفی

قومی سلامتی کے اداروں نے قربانیاں دیکر پاکستان کو محفوظ بنا رکھا ہے، طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل و متحدہ علماء بورڈ حافظ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا قیام نظریہ اسلام کی بنیاد پر ہوا، قومی سلامتی کے اداروں نے قربانیاں دیکر پاکستان کو محفوظ بنا رکھا ہے۔ لاہور میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتما "بھارتی دہشتگردی اور ہماری حکمت عملی" کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا۔ تقریب میں چیئرمین پاکستان علماء کونسل و متحدہ علماء بورڈ حافظ طاہر اشرفی، وائس چیئرمین پی ایچ اے یاسر گیلانی سمیت دیگر شریک ہوئے۔ اس موقع پر حافظ طاہر اشرفی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ متحدہ عرب امارات کا مسئلہ کورونا اور داخلی و خارجی مسائل کی وجہ سے ہے، پاکستانی خارجہ پالیسی پر سیاست نہ کریں، یو اے ای کیساتھ مسائل جلد حل کر لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کیساتھ گزشتہ دس سال کی نسبت زیادہ اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لندن بیانیہ گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان میں پٹ گیا ہے، زندہ قومیں کبھی ملک کیخلاف بیانیہ کامیاب نہیں ہونے دیتیں۔ حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ سلامتی کے اداروں نے پاکستان کو محفوظ بنا رکھا ہے، 80 ہزار افراد نے قربانیاں دیکر پاکستان کو بچایا، پاکستان کا مقدر ریاست مدینہ جیسا ہوگا اور یہ بن کر رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے کہ مہنگائی کا خاتمہ اور صحت کے مسائل حل ہوں، غلطیاں ہوتی ہیں لیکن وزیراعظم کی نیت پر شک نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے مسائل ہیں، کشمیر اور فلسطین سے غداری نہیں کی جا سکتی، بعض قوتیں مسلم ممالک کی عوام اور حکومتوں کے درمیان تصادم کیلئے افواہ پھیلا رہی ہیں، اسرائیل کے معاملہ پر وزیراعظم کے واضح اعلان کے بعد حزب اختلاف کے بعض رہنما افراتفری پھیلانے کیلئے بیان بازی کر رہے ہیں، جس میں ان کو ناکامی ہو گی، پاکستان میں رہنے والے غیر مسلم ہمیں بہت عزیز ہیں، پاکستان کے آئین نے مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حقوق کا تعین کر رکھا ہے، یورپی ممالک، امریکہ اور برطانیہ اسلامک فوبیا اور توہین رسالت ﷺ جیسے معاملات کو ختم کروانے کی کوشش کریں، پاکستان اپنے مسائل خود حل کرے گا، انڈیا، اسلامی، یورپی ممالک، امریکہ اور برطانیہ میں دہشتگردی کرنیوالے گروہوں اور جماعتوں کا سرپرست بن چکا ہے، عالمی اور اسلامی دنیا کو انڈیا کے عالمی دہشتگرد تنظیموں سے تعلقات پر ایکشن لینا چاہیے۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست اسی وقت بنا سکتے ہیں جب قوم بھی اسی راستہ پر چلے، ستر سال کے مسائل کو حل کرنے میں وقت لگے گا، پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے پاکستان کے عرب اسلامی ممالک سے تعلقات کی خرابی کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، مشرق وسطیٰ میں رہنے والے پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ وہ میزبان ممالک کے قوانین کا احترام کریں، متحدہ عرب امارات ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، ویزوں کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا، افغانستان کے صدر نے وزیراعظم پاکستان کے کہنے پر سینکڑوں پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے جس پر ہم ان کی شکرگزار ہیں، اسی طرح معمولی جرائم میں قید پاکستانی جلد سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک سے بھی رہا ہو جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ مدارس اور سکولز کے طلباء سب ہمارے ہیں، مدارس کے امتحانات کا سلسلہ جاری ہے اور مدارس مساجد میں احتیاطی تدابیر پر باقی تمام جگہوں سے زیادہ عمل ہو رہا ہے، موجودہ حکومت تحسین کی مستحق ہے کہ اس نے مدارس کو وزارت تعلیم کیساتھ منسلک کیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ مدارس کے فارغ التحصیل طلباء ہر شعبے میں اپنی خدمات سر انجام دیں اور سکولز، کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلباء بھی دینی تعلیم سے آراستہ ہوں۔
خبر کا کوڈ : 900140
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش