QR CodeQR Code

چاہ بہار اور گوادر بندرگاہ کا آپس میں کوئی مقابلہ نہیں

پاکستان ایرانیوں کا اور ایران پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے، ایرانی سفیر

ایران پر امریکی پابندیاں اقتصادی دہشتگردی کے مترادف ہیں

27 Nov 2020 13:04

نجی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران پر امریکی پابندیاں اقتصادی دہشتگردی کے مترادف ہیں، نئی امریکی انتظامیہ کے مثبت طرز عمل سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔ پاک ایران گیس پائپ لائن پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اسوقت پاکستان کو 100 میگا واٹ بجلی فراہم کر رہا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ اسے 500 میگا واٹ تک بڑھایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا ہے کہ پاک ایران تعلقات دوستی، بھائی چارہ اور اخوت پر مبنی ہیں، جبکہ دونوں ملکوں میں ثقافتی تعاون اور دو طرفہ ثقافتی معاہدوں پر عملدرآمد دونوں ملکوں کیلیے اہم سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان ایرانیوں کا اور ایران پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے، یہاں میل جول سے پیار، محبت اور قربت کا احساس ہوتا ہے، دونوں ملکوں میں تاریخی تعلقات ہونے کے باوجود تجارتی حجم انتہائی کم ہے، جو قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تجارتی حجم ڈیڑھ ارب ڈالر ہے جو کم از کم پانچ ارب ڈالر تک ہونا چاہیئے، چاہ بہار اور گوادر بندر گاہ کا آپس میں کوئی مقابلہ نہیں، تجارتی اشتراک اور اہم آہنگی سے ہی ایران اور پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوسکتے ہیں، اسلامو فوبیا اور گستاخانہ خاکوں کیخلاف وزیراعظم عمران خان نے قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔

سید محمد علی حسینی نے کہا کہ ایران پر امریکی پابندیاں اقتصادی دہشتگردی کے مترادف ہیں، نئی امریکی انتظامیہ کے مثبت طرز عمل سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔ پاک ایران گیس پائپ لائن پر بات کرتے ہوئے علی محمد حسین نے کہا کہ ایران اس وقت پاکستان کو 100 میگا واٹ بجلی فراہم کر رہا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ اسے 500 میگا واٹ تک بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی مذہبی زیارات کیلئے ایران آتے ہیں، کورونا وبا ختم ہوتے ہی اسے دوبارہ بحال کر دیا جائے گا، مشترکہ فلم سازی خاص طور پر ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ پر مشترکہ فلم بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 900248

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900248/پاکستان-ایرانیوں-کا-اور-ایران-پاکستانیوں-دوسرا-گھر-ہے-ایرانی-سفیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org