QR CodeQR Code

بختاور کی منگنی۔ بھٹو زرداری خاندان میں کئی دہائیوں بعد خوشی کا دن

27 Nov 2020 14:14

بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب شام 4 بجے کے بعد بلاول ہاؤس میں منعقد ہو گی، تاہم بدقسمتی سے اس میں بھی خاندان کے اہم ترین افراد کی عدم شرکت کا امکان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب آج منعقد ہو گی۔ بختاور کی منگنی کی تقریب بھٹو زرداری خاندان میں کئی دہائیوں بعد خوشی کا دن ہو گا، تاہم بدقسمتی سے اس میں بھی خاندان کے اہم ترین افراد کی عدم شرکت کا امکان ہے۔ بختاور کے والد آصف علی زرداری اس وقت نیب کیسز میں ضمانت پر ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جب کہ بختاور کے بھائی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ایک دن قبل ہی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بلاول بھٹو زرداری کی تقریب میں شرکت تقریباً ناممکن بن چکی ہے، تاہم اس حوالے سے بلاول ہاؤس، پی پی پی اور خود بلاول کی جانب سے کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لیے پہلے ہی کورونا کے منفی ٹیسٹ کا دکھانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

اس لیے بلاول بھٹو زرداری کی شرکت نہ کیے جانے کا امکان ہے جب کہ ان کے والد آصف علی زرداری بھی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں اور وہ بھی زیادہ دیر تک تقریب میں نہیں رہ سکتے، البتہ وہ کچھ وقت کے لیے مرکزی تقریب میں شرکت کے لیے آ سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری محض 2 گھنٹے کے لیے اپنی بڑی صاحبزادی کی منگنی میں شرکت کے لیے آئیں گے۔ والد کی کم وقت کی شرکت جب کہ بڑے بھائی کی عدم شرکت سے بختاور بھٹو کی زندگی کے اہم ترین دن کی خوشیاں بھی ماند پڑ گئیں جب کہ کئی دہائیوں بعد ان کے خاندان میں ہونے والی خوشی کے دن کی تقریبات بھی اچھے طریقے سے نہ ہو سکیں گی۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ بختاور کی منگنی میں ان کی خالہ اور بینظیر بھٹو کی بہن صنم بھٹو یا ان کے بچے بھی تقریب میں شریک ہوں گے یا نہیں؟

اس بات کی بھی کوئی اطلاعات نہیں کہ بختاور بھٹو زرداری کے ماموں زاد کزن فاطمہ بھٹو اور ذوالفقار جونیئر بھی ان کی منگنی کی تقریب میں شرکت کریں گے یا نہیں؟ علاوہ ازیں بختاور بھٹو کی پھوپھو و سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپر کی شرکت کے حوالے سے بھی یقینی طور پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ بختاور کی بڑی پھوپھو صوبائی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو تقریب میں شریک ہوں گی۔ بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب شام 4 بجے کے بعد بلاول ہاؤس میں منعقد ہو گی اور حوالے سے تقریبا تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ کورونا کی وبا کے باعث منگنی کی تقریب مختصر کیے جانے کا امکان ہے جب کہ تقریب میں سماجی فاصلے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر کو بھی اختیار کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 900266

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900266/بختاور-کی-منگنی-بھٹو-زرداری-خاندان-میں-کئی-دہائیوں-بعد-خوشی-کا-دن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org