QR CodeQR Code

راجوری میں لائن آف کنٹرول پر آر پار گولہ باری کے نتیجے میں 2 بھارتی فوجی ہلاک

27 Nov 2020 21:40

بھارتی فوج کے ایک سینئر آفیسر نے مزید بتایا کہ سرحد کے اُس پار سے بھارتی چوکیوں کو بغیر کسی اشتعال کے نشانہ بنایا گیا، مارٹر گولے فائر کئے گئے اور طرفین کے مابین گولی باری کا سلسلہ ہر گذرتے لمحے کیساتھ شدت اختیار کر گیا۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت اور پاکستان کی افواج کے مابین راجوری میں لائن آف کنٹرول پر ہوئی آر پار گولہ باری کے نتیجے میں 2 بھارتی فورسز ہلاک ہوگئے، جس کی وجہ سے پورے سرحدی سیکٹر میں تناﺅ اور کشیدگی پھیل گئی ہے۔ راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں ایل او سی پر جمعہ کی صبح پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بناکر شدید گولہ باری کی۔ بھارتی فوج کے ایک سینئر آفیسر نے مزید بتایا کہ سرحد کے اُس پار سے بھارتی چوکیوں کو بغیر کسی اشتعال کے نشانہ بنایا گیا، مارٹر گولے فائر کئے گئے اور طرفین کے مابین گولی باری کا سلسلہ ہر گذرتے لمحے کے ساتھ شدت اختیار کر گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی غرض سے آر پی جی، مارٹر شیل اور میڈیم مشین گن استعمال کئے۔ جموں میں مقیم فوج کے ترجمان کرنل دیویندر آنند نے کہا کہ پاکستانی فوج نے کسی اشتعال کے بغیر ایل او سی پر راجوری کے سندھربنی سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری افواج نے فوری طور پر دشمن کی فائرنگ کا جواب دیا اور دونوں طرف کی گولہ باری کے نتیجے میں 2 بھارتی فوجی زخمی ہوئے جنہوں نے بعد میں دم توڑ دیا۔ انہوں نے ہلاک شدہ فوجی اہلکاروں کی شناخت نائیک پریم بہادر کھتری اور رائفل مین سکھبیر سنگھ کے طور کی۔ ضلع راجوری میں کراس ایل او سی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کا یہ واقعہ پونچھ میں پیش آئے ایسے ہی ایک واقعہ کے ایک دن بعد رونما ہوا جس میں فوج کا ایک آفیسر اور ایک شہری ہلاک ہوئے تھے۔ گولی باری گھن گرج کی وجہ سے ان علاقوں میں جنگ جیسی صورتحال نظر آرہی ہے، جس کے پیش نظر ملحقہ سیکٹروں کو مکمل طور سیل کرکے فوجی گشت کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔ فوج کے اعلٰی افسران صورتحال کی نگرانی کررہے ہیں اور قابض فورسز کو 24 گھنٹے چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال ریاست کی خصوصی پوزیشن ختم کرنے کے بعد ایل او سی اور بین الاقوامی سرحدوں پر دونوں ممالک کی افواج کے مابین دو ایک ماہ سے کشیدگی جاری ہے اور اس دوران یہاں گولہ باری اور اس میں جانی و مالی نقصان ہوتا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 900318

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900318/راجوری-میں-لائن-ا-ف-کنٹرول-پر-آر-پار-گولہ-باری-کے-نتیجے-2-بھارتی-فوجی-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org