QR CodeQR Code

بھارت نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو آئینی اور جمہوری حقوق سے محروم کردیا ہے، اکبر لون

27 Nov 2020 22:20

نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر کا کہنا تھا کہ جس ملک میں آئین اور جمہوریت کو بالاتر سمجھا جاتا تھا آج اسی آئین کی سنگین خلاف ورزی کی جارہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ محمد اکبر لون نے کہا کہ ایک طرف ملک 71واں یوم آئین منا رہا ہے، وہی دوسری جانب بدقسمتی سے 5 اگست 2019ء کے بعد جموں و کشمیر کے لوگوں کو تمام آئینی اور جمہوری حقوق سے محروم کردیا گیا ہے اور اس عمل سے پورے جموں و کشمیر میں ایک غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اس وقت کسی قسم کی قانون کی پاسداری نہیں ہے جبکہ یہاں پر لاقانونیت اور جنگل راج جیسی صورتحال پیدا کرکے زبردستی قوانین ٹھوسے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس ملک میں آئین اور جمہوریت کو بالاتر سمجھا جاتا تھا آج اسی آئین کی سنگین خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ اکبر لون نے کہا کہ جموں کشمیر کا رشتہ ہندوستان کے ساتھ دفعہ 370 اور 35 اے کے تحت ہی ہوا تھا اور اس قانون کو ملک کے دونوں ایوانوں نے بھی منظور کیا تھا جبکہ ہندوستان کے اس وقت کے قدآور لیڈران جن میں سردار پٹیل اور شاما پرشاد مکرجی بھی شامل تھے نے اس قانون کو تسلیم کیا تھا لیکن آج کی حکومت نے اسی قانون کا خاتمہ کردیا۔

اکبر لون نے بی جے پی کا نام لئے بغیر سخت گیر موقف رکھنے والی بھارتی حکومت کے لیڈران سے اپیل کی وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے آئینی اور جمہوری حقوق کو ترجہی بنیادیوں پر بحال کریں اور تب ہی جموں کشمیر میں تعمیر ترقی اور امن کی فضا قائم ہوسکتی ہے۔ محمد اکبر لون نے کہا کہ روشنی ایکٹ میں نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلٰی ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو ملوث کرنا سراسر سیاسی انتقام گیری ہے اور بی جے پی اپنی ساخت کو بچانے کے لئے اس طرح کے حربے استعمال کررہی ہے جس کی نیشنل کانفرنس اور یہاں کے لوگ شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ادھر نیشنل کانفرنس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے آئینی بالادستی کو ہمیشہ مقدم ٹھہرایا ہے اور جمہوری آئینی حقوق کے اصولوں پر سختی سے کاربند رہی ہے، لیکن آج جب ملک میں 71 ویں یوم آئین منایا جارہا ہے تو جموں و کشمیر کے لوگوں کو 2019ء آئین کے تحت دیئے گئے تمام آئینی جمہوری حقوق سے محروم کردیا گیا، جو بھارتی آئین کے معمار بی آر امبیدکر کے مرتب کردہ آئین کی توہین اور بے عزتی ہے۔ ریاست کے تینوں خطوں کے لوگوں کو اپنے جمہوری حقوق سے محروم کرکے لاقانونیت، نامساعد حالات اور نوآبادیاتی راج میں ٹھونس دیا گیا اور بھاجپا کے موجودہ سخت گیر حکمرانوں کا بار بار کہنا  ہے کہ ریاست بھارت میں ضم ہوا ہے جو بھارتی آئین کے منافی ہے۔


خبر کا کوڈ: 900321

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900321/بھارت-نے-جموں-کشمیر-کے-لوگوں-کو-ا-ئینی-اور-جمہوری-حقوق-سے-محروم-کردیا-ہے-اکبر-لون

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org