QR CodeQR Code

بیرسٹر خالد خورشید گلگت بلتستان کے تیسرے وزیراعلیٰ ہونگے

27 Nov 2020 20:27

پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئے خالد خورشید کا نام فائنل کیا ہے۔ خالد خورشید پی ٹی آئی کی طرف سے وزیراعلیٰ کے امیدوار ہونگے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے بیرسٹر خالد خورشید کو گلگت بلتستان کا وزیراعلیٰ نامزد کر دیا۔ پارٹی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے لیے خالد خورشید کا نام فائنل کیا ہے۔ خالد خورشید پی ٹی آئی کی طرف سے وزیراعلیٰ کے امیدوار ہونگے۔ جی بی کے وزیراعلیٰ کیلئے جگلوٹ گلگت سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے نومنتخب رکن اسمبلی و پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری فتح اللہ خان اور استور سے تعلق رکھنے والے بیرسٹر خالد خورشید کے مابین مقابلہ تھا۔ وزیراعلیٰ کے امیدوار کا اعلان گذشتہ روز ہونا تھا، تاہم امیدواروں کے مابین مقابلہ سخت ہونے کے بعد ایک روز بعد وزیراعظم نے فائنل نام کی منظوری دیدی جبکہ ادھر جی بی اسمبلی میں بھی شیڈول کو تبدیل کیا گیا۔ پرانے شیڈول کے مطابق وزیراعلیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی آج جمع ہونا تھے، اب نئے شیڈول کے مطابق 30 نومبر کو کاغذات نامزدگی جمع ہونگے اور اسی روز ہی ووٹنگ بھی ہوگی۔

بیرسٹر خالد خورشید کون ہیں؟
نامزد وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید کا تعلق جی بی کے ضلع استور سے ہے، وہ 17 نومبر 1980ء کو استور کے دور افتادہ گائوں رٹو میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم پبلک سکول اینڈ کالج گلگت سے حاصل کی۔ گریجویشن کی تعلیم فیصل آباد سے مکمل کی۔ اعلیٰ تعلیم کیلئے لندن روانہ ہوئے اور میرے یونیورسٹی آف لندن سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے 2009ء میں پہلی بار انتخابی سیاست میں قدم رکھا اور جی بی اے 13 سے الیکشن لڑا، لیکن ہار گئے۔ 2015ء میں بھی آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا، تاہم مسلم لیگ نون کے فرمان علی سے شکست کھا گئے۔ خالد خورشید نے 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور پی ٹی آئی دیامر استور ڈویژن کے صدر منتخب ہوئے۔ 2020ء کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر حصہ لیا اور کامیاب ہوئے۔ بیرسٹر خالد خورشید گلگت بلتستان کے تیسرے اور استور سے تعلق رکھنے والے پہلے وزیراعلیٰ ہونگے۔ یاد رہے کہ گلگت بلتستان کے پہلے گورنر کا تعلق بھی استور سے تھا۔ بیرسٹر خالد خورشید کے والد چیف کورٹ کے سابق جج رہ چکے ہیں، جو 2005ء میں ریٹائرڈ ہوئے۔

وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے اسمبلی اجلاس
گلگت بلتستان کے تیسرے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے جی بی اسمبلی کا اجلاس پیر 30 اکتوبر کو سپیکر سید امجد زیدی کی زیر صدارت ہوگا۔ نئے شیڈول کے مطابق پیر کے روز صبح دس بجے کاغذات نامزدگی کیلئے نوٹس آویزاں کیا جائے گا۔ ساڑھے گیارہ بجے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا سکیں گے۔ 12 بجے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کے بعد اشاعت ہوگی۔ 2 بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے۔ 4 بجے پولنگ ہوگی اور اس کے فوری بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 900323

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900323/بیرسٹر-خالد-خورشید-گلگت-بلتستان-کے-تیسرے-وزیراعلی-ہونگے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org