0
Saturday 28 Nov 2020 16:04

اسرائیلی حمایتی مٹھی بھر نام نہاد صحافی 20 کروڑ پاکستانیوں کے ترجمان نہیں، صابر ابومریم

اسرائیلی حمایتی مٹھی بھر نام نہاد صحافی 20 کروڑ پاکستانیوں کے ترجمان نہیں، صابر ابومریم
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابومریم کا کہنا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے حوالے سے مٹھی بھر نام نہاد صحافی ہرگز بھی پاکستان کے بیس کروڑ عوام کے جذبات کی نمائندگی نہیں کرتے۔ تفصیلات کے مطابق بعض خلیجی اور افریقی ممالک کی جانب سے قابض صیہونی ریاست کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے بعد سے پاکستان میں بھی اسرائیل کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے حوالے سے بحث جاری ہے۔ اس حوالے سے ترک نیوز ایجنسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر صابر ابومریم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دفتر خارجہ نے دوٹوک انداز میں واضح کردیا ہے کہ پاکستان اس وقت تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا جب تک مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل نہ اختیار کیا جائے جبکہ اس حوالے سے نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے اسرائیل کی حمایت کرنے والے تمام  افراد کو واضح طور پر پیغام دیا ہے کہ فلسطینیوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے بغیر اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات کو قائم کرنا قابل غور بھی نہیں ہے۔ ڈاکٹر صابر ابومریم کا کہنا تھا کہ یہ نظریہ صرف وزیراعظم عمران خان کا نہیں ہے ان کے اس نظریہ کو  پاکستان کے 200 ملین افراد کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔

صحافی مبشر لقمان کی جانب سے اسرائیلی ٹی وی چینل پر صیہونی ریاست کے حمایت میں دیئے گئے بیان پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں سیکریٹری جنرل پی ایل ایف کا کہنا تھا کہ قابض صیہونی ریاست کی حمایت کرنے والے مٹھی بھر نام نہاد صحافی کسی صورت بھی پاکستان کے 20 کروڑ افراد کے جذبات کی ترجمانی نہیں کرتے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے حکمران طبقے کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہے کہ اگر وہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کی طرز پر صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کرتے ہیں تو ان کو پاکستانی عوام کی جانب سے شدید ترین ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے وہ کسی صورت متحمل نہیں ہوسکتے۔
خبر کا کوڈ : 900452
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش